لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ہم مظلوم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،جماعت اسلامی کشمیر کا مقدمہ لڑتی رہے گی ، حکومت کی غیر سنجیدگی اور کھلنڈرے پن کی وجہ سے تحریک آزادیٔ کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے، مسئلہ کشمیر کو دبانے یا پس پشت ڈالنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، 22 کروڑ عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ حکومتی رویہ ملک میں انتشار اور انارکی پھیلانے کا باعث بن رہاہے ،حکومت جان بوجھ کر مذاکرات میں تعطل پیدا کر رہی ہے ، آرڈی نینسوں سے حکو مت چلانا منتخب ایوانوں پر عدم اعتماد کا اظہار ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں جماعت اسلامی کے مرکزی ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، لیاقت بلوچ ، مرکزی نائب امرا اور ڈپٹی سیکرٹریز جنرل بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر غور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے غریب عوام سے آخری نوالہ بھی چھین لیاہے۔ بجلی ، گیس اور روز مرہ ضرورت کی چیزوں کی قیمتوں میں آئے روز اضافے نے عام آدمی کو زندہ د ر گور کردیا ہے ۔ مہنگائی ، بے روزگاری اور بدامنی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں ۔ غریب پس کر رہ گیاہے ۔بجلی کی قیمت میں ایک بار پھرفی یونٹ 2 روپے سے زیادہ کا اضافہ کردیا گیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ نوجوان بے روزگاری کی بھٹی میں جل رہے ہیں ۔ حکومت نے سب سے زیادہ مایوس نوجوانوں کو کیا ہے ۔ نوجوان اپنے مستقبل کے حوالے سے سخت پریشان ہیں ۔ حکومت نے عوام کے گلے میں آئی ایم ایف کی غلامی کا طوق ڈال دیاہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ3 ماہ سے زیادہ عرصے سے 80لاکھ کشمیری بھارتی فوج کے گھیرے میں ہیں ۔ نوجوانوں کو غائب کیا جارہاہے ۔ بچیوں کو اٹھا کر فوجی بیرکوں میں لے جایا جارہاہے ۔ 12 ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو بھارتی جیلوں میں بند کردیا گیاہے ۔ اسپتال ، تعلیمی ادارے اور مارکیٹس بند ہیں ، کشمیر ی عوام پر ایک ایک دن قیامت بن کر گزر رہاہے مگر ہمارے حکمران مائوں بہنوں اور بیٹیوں کی پکار سننے کے لیے تیار نہیں ۔ مظلوم کشمیریوں کے لیے حکومت کے پاس وقت نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے رویے سے پتا چل رہاہے کہ وہ کشمیر پر کوئی عملی قدم ا ٹھانے کو تیار نہیں ۔ عوام کو جھوٹے وعدوں اور بیانات سے بے وقوف بنایا جارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکمرانوں نے کشمیر پر کوئی سودے بازی کی تو قوم انہیں ایک لمحے کے لیے بھی برداشت نہیں کرے گی ۔