ٹنڈوباگو (نمائندہ جسارت) سابق وزیر داخلہ سندھ اورگرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مرکزی رہنما ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری جیل جانے اور بیرون ملک جانے کے بعد خطرناک ہوجاتے ہیں۔ آصف علی زرداری نے ہرسنگین جرم جیل اور بیرون ملک رہ کر کیا عالم بلوچ اور پروفیسر شفیع قریشی کا قتل بھی آصف علی زرداری نے جیل میں رہ کر کرایا تھا، اب ان کے جیل میں جانے کے بعد مجھے خدشہ تھا کہ وہ میرے خلاف کوئی کارروائی کراسکتے ہیں۔ انہوں نے میرے زرعی فارم اور بنگلے پر قبضہ کرا دیا جسے میرے حامیوں نے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے خالی کرایا ہے وہ پنگریوکے قریب واقع اپنے زرعی فارم پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا نے کہا کہ زرعی فارم میری اور میرے خاندان کی ملکیت ہے، جسے ہم نے خود خریدا ہے، مگر موجودہ وفاقی وزیر، موجودہ رکن سندھ اسمبلی اور سابق وزیر داخلہ سندھ کے زرعی فارم اور بنگلے پر پولیس اور انتظامیہ کی مدد سے قبضہ کرایا گیا۔ پولیس میرے زرعی فارم پر قبضہ کرنے والوں کو مدد فراہم کرتی رہی۔ ایس ایس پی بدین نے قابضین کو گرفتار کرنے اور ان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی مگر انہوں نے اپنے وعدے پر عمل نہیں کیا اور الٹا پولیس مسلح قابضین کو مدد فراہم کرتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں آصف علی زرداری سے اس طرح کی مزید کارروائیاں کرانے کا خدشہ موجود ہے، مگر میں ذہنی طور پر اس طرح کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہوں۔