جماعت اسلامی کشمیر کا مقدمہ لڑتی رہے گی، سراج الحق

423

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ  ہم مظلوم کشمیریوں کوکبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے،جماعت اسلامی کشمیر کا مقدمہ لڑتی رہے گی ۔

منصورہ میں جماعت اسلامی کے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومتی رویہ ملک میں انتشار اور انارکی پھیلانے کا باعث بن رہاہے،حکومت جان بوجھ کر مذاکرات میں تعطل پیدا کر رہی ہے،آرڈی نینسوں سے حکو مت چلانا منتخب ایوانوں پر عدم اعتماد کا اظہار ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے غریب عوام سے آخری نوالہ بھی چھین لیاہے،بجلی،گیس اور روز مرہ ضرورت کی چیزوں کی قیمتوں میں آئے روز اضافے نے عام آدمی کو زندہ درگور کردیا ہے،اب حکومت نے بجلی کی قیمت میں ایک بار پھرفی یونٹ 2 روپے سے زیادہ کا اضافہ کردیاہے،عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کی وجہ سےپریشان ہیں،غریب پس کر رہ گیاہے۔

انہوں نے کہاکہ نوجوان بے روزگاری کی بھٹی میں جل رہے ہیں،حکومت نے سب سے زیادہ مایوس نوجوانوں کو کیا ہے، نوجوان اپنے مستقبل کے حوالے سے سخت پریشان ہیں،حکومت نے عوام کے گلے میں آئی ایم ایف کی غلامی کا طوق ڈال دیاہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ تین ماہ سے زیادہ عرصہ سے 80لاکھ کشمیری بھارتی فوج کے گھیرے میں ہیں،نوجوانوں کو غائب کیا جارہاہے،بچیوں کو اٹھا کر فوجی بیرکوں میں لے جایا جارہاہے،12 ہزار سے زائدنوجوانوں کو بھارتی جیلوں میں بند کردیا گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام پر ایک ایک دن قیامت بن کر گزر رہاہے مگر ہمارے حکمران ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کی پکار سننے کے لیے تیار نہیں،مظلوم کشمیریوں کے لیے حکومت کے پاس وقت نہیں،حکمرانوں کے رویوں سے پتہ چل رہاہے کہ وہ کشمیر پر کوئی عملی قدم ا ٹھانے کو تیار نہیں،عوام کو جھوٹے وعدوں اور بیانات سے بے وقوف بنایا جارہاہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی غیر سنجیدگی اور کھلنڈرے پن کی وجہ سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے،مسئلہ کشمیر کو دبانے یا پس پشت ڈالنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،بائیس کروڑ عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں،ہم مظلوم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،جماعت اسلامی کشمیر کا مقدمہ لڑتی رہے گی ۔