صوابی ، قتل کی مختلف وارداتیں، سابق کونسلر سمیت 2 افراد جاں بحق

163

صوابی( این این آئی ) ضلع صوابی میں قتل کی مختلف وارداتوں میں سابق کونسلر سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس تھانہ چھوٹا لاہور کی رپورٹ کے مطابق دوران گشت پولیس کو جگناتھ کے قریب شامدار گودر سے نامعلوم شخص کی قتل شدہ لاش ملی جسے قتل کرنے کے بعد یہاں پھینک دیا گیا تھا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کی تلاش شروع کر دی ہے ۔دریں اثنا امجد سابق یو سی ٹوپی کونسلر نے زخمی حالت میں تھانہ ٹوپی میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ ان کو مبینہ طور پر علی گوہر نے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ مجروح پشاور اسپتال میں جاتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لا تے ہوئے چل بسا۔ مقتول نے بیان دیا کہ وجہ قتل تنازع جائداد ہے۔ ٹوپی پولیس نے مبینہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔دوسری جانب ضلع صوابی کی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور منشیات بر آمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او آفس کے مطابق ڈی ایس پی لاہور سجاد خان ، ایس ایچ او تورڈھیر آصف اللہ اور دیگر پولیس افسران کی قیادت میں پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران تین چوری شدہ موٹر سائیکلیں بر آمد کر کے موٹر سائیکل چور گروہ کے دو ارکان سیار سکنہ مانکی اور سعید سکنہ بیکا کو گرفتار کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ۔ دریں اثنا تحصیل رزڑ کی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 2045گرام چرس بر آمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ کالو خان نے مختلف چھاپوں کے دوران عمران علی سکنہ شیخ جانہ کے قبضے سے 1015گرام چرس اور ایک پستول بر آمد کرنے کے علاوہ ایک اور کارروائی کے دوران فیاض کے قبضے سے پلاسٹک کی تھیلی میں چھپائی گئی 1030گرام چرس بر آمد کر کے گرفتار کر لیا اور دونوں کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت ایف آئی اردرج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔