قصور،بلدیاتی ایکٹ 2019‘ حتمی لسٹیں آویزاں کر دی گئیں،شہزاد اکرم

572

قصور(این این آئی ) ضلع قصور میں نئے بلدیاتی ایکٹ 2019کے تحت بنائے گئے بلدیاتی اداروں کی حتمی لسٹیں آویزاں کر دی گئیں‘ضلع میں ایک میونسپل کارپوریشن ، 6میونسپل کمیٹیاں ، 7ٹائون کمیٹیاں اور 4تحصیل کونسلز بنائی گئی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قصور چوہدری محمد شہزاد اکرم نے بتایا ہے کہ میونسپل کمیٹی قصور کو اپ گریڈ کر کے میونسپل کارپوریشن قصور ، میونسپل کمیٹیوں میں پتوکی ، پھولنگر ، چونیاں ، کوٹ رادھاکشن ، مصطفی آباد ، الہ آباد جبکہ ٹائون کمیٹیوں میں ٹائون کمیٹی کھڈیاں ، کنگن پور ، جمبر ، راجہ جنگ ، حبیب آباد، چھانگا مانگا اور عثمانوالہ شامل ہیں ۔جبکہ ضلع کونسل کو ختم کر کے تحصیل کونسل قصور ، پتوکی ، چونیاں اور کوٹ رادھاکشن شامل ہیں ۔ اے ڈی ایل جی چوہدری محمد شہزاد اکرم نے مزید بتایا کہ پہلی دفعہ ڈیمارکیشن آفیسر /ڈپٹی کمشنر قصور محمد اظہر حیات نے نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019کی رو سے بغیر کسی سیاسی دبائو کے شفاف طریقے سے میرٹ اور زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے شہری اور دیہاتی حلقہ بندی کروائی ہے ۔ نئے بلدیاتی اداروں کے دفاتر کے حوالے سے اے ڈی ایل جی نے بتایا کہ نئی بننے والی ٹائون کمیٹی جمبر کا دفتر یونین کونسل جمبر کی بلڈنگ میں ، ٹائون کمیٹی حبیب آباد کا دفتر یونین کونسل واں رادھارام کی بلڈنگ میں ، ٹائون کمیٹی چھانگا مانگا کا دفتر یونین کونسل چھانگا مانگا کی بلڈنگ میں ، ٹائون کمیٹی عثمانوالا کا دفتر یونین کونسل عثمانوالا کی بلڈنگ میں بنے گا۔ تحصیل کونسل قصور کا دفتر پرانی بلڈنگ ضلع کونسل قصور کی بلڈنگ میں ، تحصیل کونسل پتوکی کا دفتر میونسپل کمیٹی پتوکی کی بلڈنگ میں ، تحصیل کونسل چونیاں کا دفتر میونسپل کمیٹی چونیاں کی بلڈنگ میں اور تحصیل کوٹ رادھاکشن کا دفتر میونسپل کمیٹی کوٹ رادھاکشن کے دفتر میں ہوگا۔ حلقہ بندی برائے میونسپل کارپوریشن ، میونسپل کمیٹیاں ، ٹائون کمیٹیاں اور تحصیل کونسلز کی حتمی لسٹیں لوکل گورنمنٹ کے تمام اداروں میں آویزاں کر دی گئی ہیں ۔