کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل 2020 کے ڈرافٹ کے لیے مکمل پک آرڈرترتیب دے دیا گیا۔ ڈرافٹ کے پہلے راؤنڈ کے لیے پک آرڈر اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں طے کیا گیا تھا۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان، 6 فرنچائزز اور بلٹز ایڈورٹائزنگ کے نمائندگان نے پی ایس ایل 2020 کے پہلے راؤنڈ میں پک آرڈر طے کرنے کے لیے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ڈرافٹ کے پہلے راؤنڈ کا پک آرڈر طے کرنے کے لیے بیٹ رکھ کرباری لگانے کے روایتی طریقہ کار کا انتخاب کیا گیا۔طریقہ کار کے مطابق دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی پہلی، لاہور قلندرز کی دوسری، ملتان سلطانز تیسری،2مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ چوتھی، پشاورزلمی5 ویں اور کرا چی کنگز کو چھٹی باری ملی ہے۔خصوصی طور پر تیار کیے گئے ماڈل سے باقی ماندہ 17 راؤنڈز کے لیے پک آرڈر کی ترتیب پیر کو طے کی گئی۔ ڈرافٹ کے لیے پک آرڈر کی ترتیب طے ہونے کے بعد پی ایس ایل کی ٹرانسفر اور ریٹینشن ونڈو باضابطہ طور پر کھول دی گئی ۔پالیسی کے مطابق ہر فرنچائز گذشتہ ایڈیشن میں شامل زیادہ سے زیادہ 8 کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں برقرار رکھ سکتی ہے۔ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی ہر فرنچائز کے16رکنی اسکواڈ میں 5 غیرملکی کھلاڑی شامل ہوں گے۔ فرنچائززکو سپلمنٹری کٹیگری میں شامل2 کھلاڑیوں میں سے ایک غیرملکی کرکٹر کو چننے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔کوئی فرنچائز چاہے تو اس سے فائدہ اٹھاسکتی ہے تاہم پلئینگ الیون میں کم ازکم 3 اور زیادہ سے زیادہ 4غیرملکی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی اجازت ہوگی۔ پی ایس ایل وائلڈکارڈ پک کا قانون متعارف کروادیا گیا ہے۔قانون کے مطابق پی ایس ایل ڈرافٹ میں ڈائمنڈ اور گولڈ راؤنڈ کے دوران فرنچائز چاہے تو کسی ایک کھلاڑی کا انتخاب اس کی مقررہ کٹیگری سے اوپر لے جاکر بھی کرسکتی ہے۔وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں ہر لمحہ جدت لانے کے لیے پی سی بی کی کاوش جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ وائلڈ کارڈ پک کے قانون کی صورت میں نیااضافہ مداحوں اور لیگ میں شامل ٹیموں کے لیے مزید حوصلہ افزائی کا باعث بنے گا۔ وسیم خان نے کہا کہ پی ایس ایل کے مداحوں کے لیے آئندہ چند روز بھی بہت اہم ہیں کیونکہ اس دوران ہرفرنچائز اپنے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی ری ٹینشن اور ٹریڈ کا اعلان کرے گی۔ پی ایس ایل 2020 کا مکمل ایڈیشن پاکستان میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا آغاز آئندہ سال فروری میں ہوگا۔