فضل الرحمان کے پیچھے نماز پڑھنا سعادت ہوگی،فواد چوہدری

932

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان عالم دین ہےان کے پیچھے نماز پڑھنا سعادت ہوگی،ہم علما کے سیاسی کردار پر تنقید کرتے ہیں۔

کراچی یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے دھرنا ایک سال بعد دیا اور ہماری تحریک سیاسی تھی، فضل الرحمان نے اپنی سیاسی قوت کا اظہار کیا ہے، اس وقت تک دھرنے کا معاملہ پرامن رہا ہے اور امید ہے آئندہ بھی رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی صحت خراب ہے، اللہ انہیں صحت دے لیکن ان کے خاندان والوں کو چاہیے کہ وہ قوم کا پیسہ واپس کریں، کچھ لوگوں کی صحت اور کچھ لوگوں کی عقل کے لیے بھی دعاگو ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی کو پی ٹی آئی، عمران خان پسند ہے یا نہیں انہیں برداشت کرنا پڑے گا،عمران خان کا کوئی متبادل نہیں اس لیےان پر ہی گزارا کریں ،اب ہمارے ساتھ چار پانچ سال اوکھے سوکھے گزار لیں، کوئی اسپتال میں ہے اور کوئی بیمارہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ فضل الرحمان کے پیچھے نماز پڑھنا سعادت ہوگی، ہم علما کے سیاسی کردار پر تنقید کرتے ہیں اور مولانا کے مقاصد کا ان کو خود بھی نہیں پتا، کیا مولانا فضل الرحمان کوپتا ہے کہ وہ دھرنا کیوں دے رہے ہیں؟۔ پی ٹی آئی کے دھرنے کو اس دھرنے سے نہیں جوڑنا چاہیے، مسئلہ کشمیر دھرنے کی وجہ سے پیچھے چلا گیا۔