دادو(نمائندہ جسارت) پی ایس 86 پر ضمنی انتخاب 7 نومبر پر ہوں گے، وزیراعلیٰ سندھ اپنے امیدوار کو جتوانے میں سرگرم ہوگئے حلقے کہ سیاسی افراد سے ملاقاتیں تیز کردی ہیں، پی ٹی آئی رہنماؤں نے الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ پی ایس 86 جوہی میں ضمنی الیکشن وزیر اعلی سید مراد علی شاہ بھی متحرک ہوگئے پیپلز پارٹی کے امیدوار سید صالح شاہ جیلانی کو کامیاب کرانے کے لیے سیاسی نمائندوں سے رابطے تیز کردیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ دوسرے روز بھی آبائی شہر سہون میں موجود ہیں، جوہی دادو کے نمائندوں اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے گاؤں واہڑ میں پی ایس 86 کی مختلف یونین کونسلز کے سرکردہ افراد سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔ واضح رہے کے پی ایس 86 جوہی کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کا امیدوار سید صالح شاہ وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کا قریبی عزیز ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح ہدایات جاری ہونے کے باوجود وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ضمنی انتخابات کے معاملات میں مداخلت معنی خیز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کی انتخابات کے معاملات میں مداخلت ناقابل برداشت ہے الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیے۔