قائداعظم ٹرافی ،آج 6ٹیمیں مدمقابل ہوں گی سدرن پنجاب اور بلوچستان کے درمیان میچ بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ سے لائیو اسٹریم کیا جائے گا

159

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کے چھٹے راؤنڈ کا آغاز 4 نومبر بروز پیر سے ہوگا۔ایونٹ میں شامل 6 ٹیمیں ملک بھر کے 3 مختلف شہروں میں مدمقابل آئیں گی۔ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل 10 کرکٹرز کی آسٹریلیا روانگی کے بعد ایونٹ کا چھٹا راؤنڈ ڈومیسٹک کرکٹرز کو اعلیٰ کارکردگی دکھانے کا بہترین موقع فراہم کررہا ہے۔ 10 راؤنڈز پر مشتمل ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرکے فائنل میں رسائی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔ قائداعظم ٹرافی کا فائنل 9سے 13دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست سنٹرل پنجاب کی ٹیم ایونٹ کے چھٹے راؤنڈ میں آخری پوزیشن پر موجود ناردرن کی میزبانی کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اور 16سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی عدم موجودگی کے باوجود سنٹرل پنجاب کی ٹیم ناردرن کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔ اس سے قبل گذشتہ میچ میں سنٹرل پنجاب کی پوزیشن مستحکم ہونے کے باوجودسندھ کے خلاف میچ ڈرا ہوگیا تھا۔پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود ناردرن کی ٹیم ایونٹ میں تاحال عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی تاہم گذشتہ میچ میں سدرن پنجاب کے خلاف اوپنر ذیشان ملک کی ڈبل سنچری کے بعد ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔22 سالہ نوجوان کرکٹر نے جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں سدرن پنجاب کے خلاف میچ میں216 رنز کی اننگز کھیلی۔پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے بلے باز نے دوسری اننگز میں بھی نصف سنچری اسکور کی تھی۔نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیرمسلسل دوسرے راؤنڈ میں ناردرن کی قیادت کریں گے۔ تجربہ کار بلے باز عمر امین نے بیٹنگ میں کھوئی ہوئی فارم واپس حاصل کرنے کے لیے کپتانی سے علیحدگی اختیار کررکھی ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان پیر سے شروع ہونے والا مقابلہ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں قائداعظم ٹرافی کا آخری میچ ہوگا۔ایک دہائی کے بعد رواں سیزن میں فرسٹ کلاس کرکٹ کی میزبانی کرنے والے بگٹی اسٹیڈیم میں قائداعظم ٹرافی کا آخری میچ بھی پیر سے شروع ہوگا۔ بلوچستان اور سدرن پنجاب کے درمیان چار روزہ میچ کوئٹہ سے لائیو اسٹریم کیا جائے گا۔قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے ہمراہ آسٹریلیا روانگی کے لیے تیاراوپننگ بیٹسمین شان مسعود کی عدم دستیابی کے باعث سدرن پنجاب کی قیادت سمیع اسلم کے سپرد کردی گئی ہے۔گزشتہ میچ میں ناردرن کے خلاف سنچری اسکور کرنے والے سمیع اسلم بیٹنگ میں اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجودسدرن پنجاب کی ٹیم سنٹرل پنجاب کے علاوہ تاحال ایونٹ میں میچ جیتنے والی واحد ٹیم ہے۔بلوچستان کی ٹیم تاحال پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر موجود ہے تاہم پیر سے شروع ہونے والے راؤنڈ میں بلوچستان کو یاسر شاہ کا ساتھ میسر نہیں ہوگا۔ ایونٹ میں سب سے زیادہ 21 وکٹیں حاصل کرنے والے لیگ اسپنر یاسر شاہ قومی اسکواڈ کے ہمراہ آسٹریلیا روانہ ہورہے ہیں۔اسپنریاسر شاہ کی عدم موجودگی میں بائیں ہاتھ کے اسپنر محمد اصغر کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔گزشتہ میچ میں خیبرپختوانخوا کیخلاف ایک اننگز میں 4کھلاڑیوں کوآؤٹ کرنے والے محمد اصغر کی ہوم کراؤڈ کے سامنے آئندہ میچ میں بھی کارکردگی بہتر رہنے کی توقع ہے۔23 سالہ نوجوان بلے باز عمران بٹ کی پانچویں راؤنڈ میں ڈبل سنچری کے بعد بگٹی اسٹیڈیم میں شائقین کی تعداد میں اضافہ دیکھے جانے کی توقع بھی ہے۔پانچویں راؤنڈ کے آخری میچ میں خیبرپختونخوا اور سندھ کے درمیان مقابلہ ایبٹ آباداسٹیڈیم ایبٹ آباد میں کھیلا جائے گا۔میزبان ٹیم کے ابتدائی 4 بیٹسمین کا شمار ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں ہوتا ہے، جس میں صاحبزادہ فرحان، اسرار اللہ، عادل امین اور اشفاق احمد شامل ہیں۔ایونٹ میں تاحال 8 وکٹیں حاصل کرنے والے اسپنر ساجد خان نے اسی میدان میں میچ کی ایک اننگز میں 36 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔سندھ کی ٹیم کپتان سرفرازاحمد کی قائدانہ اننگز کی بدولت سنٹرل پنجاب کے خلاف اقبال اسٹیڈیم فیصل آبادمیں کھیلا گیا میچ ڈراکرنے میں کامیاب رہی۔