نوابشاہ، محکمہ جنگلات کی زمینوں پر قبضے، 6 افراد پر مقدمہ درج

99

نواب شاہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) قبضہ مافیا نے عدالت عظمیٰ کے احکامات بھی ہوا میں اڑا دیے، محکمہ جنگلات کی زمینوں پر ڈھڑلے سے قبضے جاری، چھے افراد کیخلاف مقدمہ درج، قبضہ گیروں نے 130 ایکڑ زمین پر قبضہ کیا ہوا تھا۔ سول جج اینڈ جوڈیشل مجسٹریٹ کے حکم پر محکمہ جنگلات کی زمین پر قبضے کرنے والے چھے افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ محکمہ جنگلات کے رینج فاریسٹ آفسیر محمد رفیق کی مدعیت میں سکرنڈ تھانے پر غلام قادر جتوئی، مولا بخش، مقیم زرادری، محمد رفیق جتوئی اور محمد عرس جتوئی کیخلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ فاریسٹ آفیسر محمد رفیق کا کہنا تھا کہ مقدمے میں نامزد مذکورہ افراد نے گاؤں علی مراد جتوئی میں محکمہ جنگلات کی چوکڑی نمبر ون کی 180 ایکڑ اور چوکڑی نمبر ٹو کی 150 ایکڑ زمین پر قبضہ کیا ہوا تھا جبکہ عدالت عظمیٰ کے بھی اس سلسلے میں سخت احکامات تھے کہ سرکاری زمینیں قبضہ گیروں سے واگزار کرائی جائے۔