نفرت انگیز تقریر:لندن میں الطاف حسین کی ضمانت میں پھر توسیع

120

لندن (صباح نیوز) برطانوی عدالت نے مبینہ طور پر نفرت انگیز تقاریر سے متعلق کیس میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کی ضمانت میں ایک مرتبہ پھر توسیع کردی۔ الطاف حسین لندن سینٹرل کرمنل کورٹ سے وڈیو لنک کے ذریعے جج کے سامنے پیش ہوئے۔ واضح رہے کہ جمعے کو ٹرائل کی تاریخ ہوئی جبکہ ابتدائی سماعت 20 مارچ 2020ء کو ہوگی اور ٹرائل یکم جون کو شروع ہوگا۔ الطاف حسین اولد بیلی کے نام سے مشہور جسٹس سویینی کے سامنے وڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے۔ کران پراسیکیوشن سروس نے الطاف حسین کے خلاف اگست 2016ء میں اپنی تقریر کے دوران دہشت گردی کی حوصلہ افزائی پر انسداد دہشت گردی ایکٹ 2006ء کی دفعہ1(دو) کے تحت فرد جرم عاید کی تھی۔اگر الطاف حسین پر جرم ثابت ہوا تو ان پر جرمانے کے ساتھ15سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ خیال رہے کہ 2016ء میں برطانوی حکام نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات ختم کردی تھیں اور انہیں وہ رقم واپس کردی تھی جو 2014ء کے دوران الطاف حسین کے گھر اور دفتر پر مارے گئے چھاپوں کے دوران برآمد کی گئی تھی۔