لاڑکانہ، گھریلو مسائل سے دلبرداشتہ خاتون نے خودکشی کرلی

280

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) تھانہ حیدری کی حد غالب نگر کے علاقے میں شادی شدہ چار بچوں کی ماں امتیاز بیگم مغل نے مبینہ طور پر خود کو گھر کے کمرے میں بند کرکے پنکھے سے دوپٹہ باندھ کر خودکشی کرلی، اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر واقعے کے متعلق تفصیلات معلوم کی، بعد ازاں لاش پوسٹ مارٹم کے لیے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کی جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی گئی۔ اس موقع پر خاتون کے شوہر شفیع محمد مغل نے بتایا کہ میں نے اپنی بیوی کو دوسری شادی کرنے کے متعلق آگاہ کیا جس پر اس نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کی ہے جبکہ خاتون کے چچا زائد بھائی قمرالدین نے خاتون کے شوہر شفیع محمد مغل پر قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ لاڑکانہ کے قریب تھانہ پکھو کی حد رشید وگن روڈ پر حیدرآباد جانے والی تیز رفتار کار اور موٹرسائیکل ٹکرنے کے نتیجے میں قنبر کے رہائشی 55 سالہ اصغر علی سومرو، ان کی اہلیہ ضمیران خاتون اور داماد نجیب سومرو شدید زخمی ہوئے۔ اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر کار تحویل میں لیتے ہوئے ڈرائیور ایاز خاصخیلی کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا۔ بعد ازاں زخمیوں کو علاج کے لیے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے 55 سالہ اصغر علی سومرو دم توڑگیا۔