پشاور(خبر ایجنسیاں)پشاور ہائی کورٹ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ کی ضمانت منظور کرنے کے بعد رہائی کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ مفتی کفایت اللہ کو اتوار کو اسلام آباد پولیس نے اپوزیشن کے حکومت مخالف ‘آزادی مارچ’ میں شرکت کے لیے لوگوں کو اکسانے اور اس احتجاج کے لیے چندہ جمع کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ان کی گرفتاری کے بعد پشاور ہائی کورٹ سے ان کی ضمانت پر رہائی کے لیے رجوع کیا گیا تھا جس پر آج عدالت عالیہ نے سماعت کی۔ایبٹ آباد میں عدالت عالیہ کے دو رکنی بینچ میں شامل جسٹس اعجاز انور اور جسٹس شکیل احمد نے مفتی کفایت اللہ کی ضمانت پر رہائی کی درخواست پر سماعت کی اور ان کی رہائی کا حکم جاری کردیا۔مفتی کفایت اللہ کی رہائی کے احکامات ہری پور سینٹرل جیل انتظامیہ کو ملنے کے بعد انہیں رہا کیا جائے گا اور رہائی کے بعد وہ اسلام آباد کی طرف ہونے والے جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ میں شریک ہوں گے۔واضح رہے کہ جے یو آئی (ف) کے رہنما کی گرفتاری ایسے وقت میں ہوئی تھی جب کچھ روز قبل حکومت اور جے یو آئی (ف) کے درمیان آزادی مارچ سے متعلق معاہدہ ہوا تھا۔