کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی سے راولپنڈی جانے والی ریل گاڑی تیز گام میںہولناک آتشزدگی اور اس کے نتیجے میںدرجنوں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے اظہارافسوس کرتے ہوئے تحریک انصاف کی حکومت پرشدید تنقید کی ہے اور وزیرریلوے شیخ رشید کو فوری طورپربرطرف کرنے کامطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹراپنے ایک ٹویٹ میںپیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ تیزگام ٹرین سانحے کی تحقیقات مکمل ہونے تک وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کوعہدے سے برطرف کریں،وزیر ریلوے نے متاثرین کو سانحے کا ذمہ دار ٹھہرا کر پستی کی ایک نئی داستان رقم کی ہے جو کہ ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تیز گام سانحے کی فوری تحقیقات کی جائے اور ذمہ دارران کے احتساب کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حادثہ انتہائی تکلیف دہ ہے ،انہوںنے یقین دلایا کہ سندھ حکومت لواحقین کی ہر قسم کی مدد اور تعاون کے لیے تیار ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ زخمیوں اور شہید ہونے والے سندھ کے متاثرہ خاندان کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے دفاتر سے رابطہ کریں ۔ٹرین حادثے پر صوبائی وزرا ناصرحسین شاہ ،مکیش کمار چاولہ، جام اکرام اللہ دھاریجو، غلام مرتضیٰ بلوچ اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے بھی اظہارافسوس کیا ہے۔ادھرمیئرکراچی وسیم اختر،پاک سرزمین پارٹی کے صدر مصطفی کمال ،جمعیت علمااسلام کے رہنما قاری عثمان،تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ، فردوس شمیم نقوی،صدرعوامی نیشنل پارٹی شاہی سید، پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری اور جی ڈی اے کے انفارمیشن سیکرٹری سردار عبدالرحیم،پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری اور وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم وقار مہدی، مرکزی صدراہلسنّت والجماعت پاکستان علامہ اورنگزیب فاروقی،صدرکراچی علامہ رب نوازحنفی،علامہ تاج محمدحنفی اورجامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس مفتی محمد نعیم نے المناک واقعے پر اظہارافسوس کیاہے اورحکومت سے مطالبہ کیاہے کہ واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے اور حادثے کے ذمے داروںکے خلاف کارروئی کی جائے، انہوں نے زخمیوںکوعلاج کی سہولت دینے کابھی مطالبہ کیا ہے۔