تیز گام ایکسپریس کو خوفناک حادثہ،70 مسافر جاں بحق

1041

کراچی سے لاہور اور راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی سے 70افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔

کراچی سے لاہور اور راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں گیس سلینڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی، حادثہ رحیم یار خان میں ٹانوری اسٹیشن چک نمبر 6 چنی گوٹھ کے قریب پیش آیا ۔ حادثے میں جاں بحق زیادہ ترافراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے جو اجتماع میں شرکت کے لیے رائیونڈ جارہے تھے۔

ڈی پی او رحیم یار خان امیر تیمور خان اور ریسکیو ہیڈ بہاولپور باقر حسین نے حادثے میں 70 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو ٹی ایچ کیو لیاقت پور اور بہاول پور کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ آگ پر بھی قابو پالیا گیا ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ 3 بوگیوں میں تقریباً 200 سے زائد افراد سوار تھے جن میں سے ایک بوگی میں 78 ، دوسری میں 77 اور بزنس کلاس کی بوگی میں 54 افراد کی بکنگ تھی، حادثے کے بعد بوگیوں سے کئی افراد کی جلی ہوئی لاشیں نکالی گئی ہیں جن میں سے کئی لاشوں کے ٹکڑے ملے ہیں۔

دوسری جانب آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ  پاک فوج کے جوانوں نے سانحے کے مقام پر پہنچ کرسول انتظامیہ کے ساتھ امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں  جبکہ آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر بھی سانحے کی جگہ پہنچ گیا ہے جس  کے ذریعے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کےڈاکٹرز اورپیرا میڈیکس بھی امدادی کارروائیوں مصروف ہیں۔