تاجروں کی ہڑتال نے حکومتی معاشی پالیسی کی ناکامی کو ثابت کردیا،سراج الحق

134

دیر(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ تاجروں کی ہڑتال نے ثابت کردیا کہ پی ٹی آئی حکومت معیشت میں کوئی بہتری نہیں لاسکی ۔ حکومت کی گاڑی کولہو کے بیل کی طرح ایک ہی جگہ گھوم رہی ہے ۔ چاول اور گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا معقول معاوضہ ملناچاہیے ۔ انصاف کے نام پر آنے والی حکومت 14 ماہ میں انصاف نہیں کر سکی ۔ پاناما کے 436 ملزموں کو ایک بار بھی عدالت میں نہیں بلایا گیا ۔ جماعت اسلامی سب کا بے لاگ احتساب چاہتی ہے ۔ ملک میں جب تک قانون کی حکمرانی نہ ہو ، کوئی حکومت چل نہیں سکتی ۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوںنے ثمر باغ میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومتی گاڑی ایک ہی جگہ کھڑی ہے ۔ معیشت کا پہیہ الٹا گھوم رہاہے۔ تاجروں کی ایک دن کی ہڑتال سے ملکی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ۔ دنیا میں پیٹرول سستا اور پاکستان میں ایک بار پھر مہنگا کردیا گیاہے ۔ یوریا کھاد کی قیمت میں 3 سو روپے فی بوری اضافہ کردیا گیاہے جس سے کسانوں کے لیے گندم کی کاشت مشکل ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کسان خوشحال ہوگا تو زراعت میں بہتری آئے گی اور ملکی معیشت خوشحالی کے راستے پر گامزن ہوگی ۔اگر کسان بدحال ہوگا تو زراعت اور صنعت بیٹھ جائے گی اور مہنگائی کا ناقابل برداشت طوفان آئے گا ۔ انہوںنے کہاکہ کسانوں سے اربوں روپے ٹیکس کے نام پرجگا ٹیکس وصول کیا جارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے آئی ایم ایف کے مطالبے پورے کرنے میں لگی ہوئی ہے ۔
سراج الحق