حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے آئی ایم ایف کے مطالبے پورے کرنے میں لگی ہے،سراج الحق

383

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے آئی ایم ایف کے مطالبے پورے کرنے میں لگی ہوئی ہے۔

ثمر باغ میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ انصاف کے نام پر آنے والی حکومت چودہ ماہ میں انصاف نہیں کرسکی،پانامہ کے 436 ملزموں کو ایک بار بھی عدالت میں نہیں بلایا گیا،جماعت اسلامی سب کا بے لاگ احتساب چاہتی ہے،ملک میں جب تک قانون کی حکمرانی نہ ہو،کوئی حکومت چل نہیں سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں کی ہڑتال نے ثابت کردیا کہ پی ٹی آئی حکومت معیشت میں کوئی بہتری نہیں لاسکی،حکومت کی گاڑی کولہو کے بیل کی طرح ایک ہی جگہ گھوم رہی ہے،حکومتی گاڑی ایک ہی جگہ کھڑی ہے،معیشت کا پہیہ الٹا گھوم رہاہے،تاجروں کی ایک دن کی ہڑتال سے ملکی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا،دنیا میں پٹرول سستا اور پاکستان میں ایک بار پھر مہنگا کردیا گیاہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ یوریا کھاد کی قیمت میں تین سو روپے فی بوری اضافہ کردیا گیاہےجس سے کسانوں کے لیے گندم کی کاشت مشکل ہوگئی ہے،چاول اور گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا معقول معاوضہ ملناچاہیے۔

انہوں نے کہاکہ کسان خوشحال ہوگا تو زراعت میں بہتری آئے گی اور ملکی معیشت خوشحالی کے راستے پر گامزن ہوگی،اگر کسان بدحال ہوگا تو زراعت اور صنعت بیٹھ جائے گی اور مہنگائی کا ناقابل برداشت طوفان آئے گا ۔

انہوں نے کہاکہ کسانوں سے اربوں روپے ٹیکس کے نام پرجگا ٹیکس وصول کیا جارہاہے،حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے آئی ایم ایف کے مطالبے پورے کرنے میں لگی ہوئی ہے ۔