فضل الرحمن کی قیادت میں آزادی مارچ کل اسلام آباد میں داخل ہو گا

107

اسلام آباد (صباح نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں آزادی مارچ کل (جمعرات کو) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہو گا۔ ڈی چوک
سے 5 کلومیٹر دور پشاور موڑ پڑاؤ ہو گا،پنڈال میں رہبر کمیٹی اور آل پارٹیز کانفرنسوں کے انعقاد کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے جس میں پرامن طریقے سے آزادی مارچ کے اسلام آباد داخل ہونے کے بعد کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔ مولانا فضل الرحمن آزادی مارچ کے اسٹیج پر دیگر قائدین کے ہمراہ اس لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ فی الحال فریقین کی طرف سے معاہدے کی پاسداری کی جا رہی ہے۔ اسلام آباد آزادی مارچ کے لیے جے یو آئی (ف) نے مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں۔ آزادی مارچ معاہدے کے مطابق کشمیر ہائی وے پر ڈی چوک سے لگ بھگ 5 کلومیٹر دور اتوار سے ملحقہ میدان میں داخل ہو گا جہاں اسٹیج اور دیگر انتظامات تقریبا مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پارٹی کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے گزشتہ روز بھی انتظامات کا جائزہ لیا۔ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں آزادی مارچ کا بڑا قافلہ کشمیر ہائی وے پر آئے گا جس میں آزادکشمیر، گلگت بلتستان، قبائلی اضلاع سمیت چاروں صوبوں کے قافلے شامل ہونگے۔ اسلام آباد کے قریب پہنچنے پر جڑواں شہروں کے قافلے آزادی مارچ میں شامل ہو جائیں گے۔ جے یو آئی کے مطابق آج لاہور سے بذریعہ جی ٹی روڈ اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ روانہ ہو گا۔ جی ٹی روڈ پر مختلف مقامات پر مولانا فضل الرحمن جلسوں سے خطاب کریں گے۔ جی ٹی روڈ پر پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کی ریلیاں بھی اس میں شریک ہوں گی۔ اپوزیشن کی جماعتیں جی ٹی روڈ پر مختلف مقامات پر استقبال کریں گی۔ اسلام آباد داخل ہونے کے موقع پر دیگر قائدین بھی مولانا فضل الرحمن کے ہمراہ ہوں گے۔ ادھر ترجمان نے واضح کیا ہے کہ جلسہ گاہ کی جگہ تبدیل نہیں کی گئی ہے۔
آزادی مارچ