حکومت پنجاب نے سانحہ ساہیوال کے ملزموں کی بریت کیخلاف اپیل دائر کر دی

151

لاہور (نمائندہ جسارت)لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ ساہیوال کے ملزموں کی بریت کے خلاف حکومت پنجاب نے اپیل دائر کردی۔یہ اپیل حکومت پنجاب کی جانب سے ایڈیشنل پراسیکیوٹر  جنرل عبدالصمدنے دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دہشت گردی عدالت نے حقائق کونظراندازکرکے ملزموں کو بری کیا،ٹرائل عدالت نے ویڈیو ریکارڈ کو نظر انداز کیا۔ اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے قانونی طریقہ کار کے برعکس گواہوں کو تحفظ فراہم نہیں کیا، اہم ترین کیس کی عدالتی کارروائی ان کیمرہ نہیں کی گئی،ٹرائل عدالت نے فرانزک ثبوتوں کو اہمیت نہ دے کرمقدمہ کمزورکیا،ٹرائل عدالت نے منحرف گواہوں کے خلاف کارروائی نہیں کی،ٹرائل کورٹ نے جے آئی ٹی کی رپورٹ میں ملزموں کے تعین کوبھی نظر انداز کیا۔ دائر اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سی ٹی ڈی کے چھ ملزم پولیس اہلکاروں کی بریت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔ یاد رہے کہ انسدادِدہشت گردی عدالت نے گواہوں کے منحرف ہونے پر سانحہ ساہیوال کے چھ ملزموں کو بری کردیاتھا،ملزموں کی بریت کے معاملے پروزیراعظم عمران خان نے بھی سخت ردعمل دیااور ملزموں کی بریت کے خلاف پنجاب حکومت کو اپیل دائر کرنے کی ہدایت کی تھی، چھ ملزموں میں صفدر ،رمضان ،احسن ،سیف اللہ ،حسنین اورناصر شامل ہیں۔
سانحہ ساہیوال