لاڑکانہ ،پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ

130

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ملک بھر کی طرح لاڑکانہ کے شہری بھی مہنگائی کے باعث پریشان دکھائی دیتے ہیں، لاڑکانہ کی سبزی منڈی میں بھی سبزیوں کی قیمتوں کو پر لگ چکے ہیں جس میں غریب طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، چند روز میں ٹماٹر 8 سو روپے اضافے کے ساتھ 28 سو روپے پیٹی جا پہنچی ہے، پیاز کی 40 کلو والی بوری 42 سو جبکہ ہری مرچ 2 سو کے اضافے کے ساتھ 7 سو روپے دڑی ہوچکی ہے، پھلوں کے نرخوں میں بھی بے پناہ اضافے کے ساتھ غریب کی دسترس سے دور ہوچکے ہیں، لاڑکانہ شہر کے وسط جیلس بازار میں قائم سبزی منڈی 9 جریب پر قائم ہے جہاں 2 سو دکانیں جبکہ درجنوں پتھارے موجود ہیں تاہم بھاری میونسپل ٹیکس کے باوجود شہر کی منڈی کچرہ کنڈی، بدبو اور غلاظت سے دوچار ہے جہاں کے تاجروں غلام علی ڈاہانی، کامران راجپوت، عمران علی، محمد مٹھل، شہزاد خان و دیگر کا کہنا ہے کہ انہیں کئی سال سے شہر سے باہر اوٹھا چوک کے قریب سبزی منڈی شفٹ کرنے کی تسلیاں دی جاتی ہیں لیکن حکومت کا وہ وعدہ بھی کیا جو وفا ہوجائے، سالہا سال سے بدبو اور گندگی میں ہائی جینک سبزیاں فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کم از کم 40 جریب یعنی 20 ایکڑ رقبے کی ضرورت ہے جہاں وہ صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی، بیت الخلا جیسی سہولتوں کے ساتھ صاف ستھری سبزی اور پھلوں کی فروخت کو یقینی بناسکیں۔