مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی پردہ پوشی ممکن نہیں،شاہ محمود

119

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے بھارت زیادہ عرصے تک عالمی برادری کو گمراہ نہیں کر سکتا ، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی پردہ پوشی ممکن نہیں،بھارت کا کشمیر کے حوالے سے بیانیہ عالمی سطح پر پٹ چکا ہے ، عالمی میڈیا کی توپوں کارخ اب ہندوستان کی جانب مڑ چکا ہے ۔یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے دوست اور مخالفین بھی اب اس پر تنقید کر رہے ہیں ۔ ماضی میں انٹرنیشنل میڈیا پاکستان پر تنقید کرتا تھا لیکن آج بین الاقوامی میڈیا کی توپوں کا رخ ہندوستان کی طرف مڑ چکا ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت کی یکے بعد دیگر ان کی کلی کھلتی جارہی ہے، بھارت کا بیانیہ عالمی سطح پر پٹ رہا ہے، ہر دیہاتی اور شہری بھارتی اقدامات کو مسترد کررہا ہے لیکن دوسری جانب مسئلہ کشمیر پر ہمارے بیانیے کو عالمی سطح پر تقویت ملی، انسانی حقوق کی عالمی تنظمیں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہی ہیں، 54 سالوں کے بعد مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی حیثیت ملی۔انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد کی تکمیل تک حمایت جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام کے علاوہ کوئی نظام ملک کو مضبوط نہیں رکھ سکتا،ہم اپوزیشن کے مارچ سے ہم گھبرا نہیں رہے، اپوزیشن نے مارچ کرنا چاہا تحریک انصاف کی قیادت نے مذاکرات کرلیے اور مارچ کے شرکا لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ اپنا جمہوری حق استعمال کریں گے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی پختگی کا آغاز ہو چکا ہے، 73 کے آئین پر تمام جماعتوں کا اتفاق ہے جو خوش آئند ہے ۔