لاڑکانہ، جرائم پیشہ افراد کی کارروائیوں میں کمی نہ آسکی

94

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں جرائم پیشہ افراد کی کارروائیوں میں کمی نہ آسکی، ایک ہی روز میں موبائل چھیننے اور موٹرسائیکل چوری کے واقعات رونما ہوئے تاہم پولیس ملزمان کیخلاف کوئی بھی کارروائی نہ کرسکی۔ اس سلسلے میں اتوار کی شب دیر گئے شہر کے تھانہ سچل کی حدود سچل کالونی میں نجی کالج میں منعقدہ تقریب کی کوریج کے لیے جانے والے نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین شاہد شیخ سے موٹر سائیکل سوار مسلح افراد موبائل فون، نقد رقم و دیگر سامان چھین کر فرار ہوگئے۔ اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کی تفصیلات معلومات کیں۔ دوسری جانب شہر کے تھانہ مارکیٹ کی حد اصغر پلازہ میں رتوڈیرو کے رہائشی موبائل دکاندار عاشق اوڈو کی نئی موٹر سائیکل چور چوری کرکے فرار ہوگئے۔ اطلاع کے باوجود پولیس نے ملزمان کو گرفتار نہیں کیا، جس کے باعث متاثرین نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ سے اپیل کی کہ جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی کرکے موبائل فون، نقد رقم، موٹر سائیکل و دیگر سامان برآمد کیا جائے۔