بیرون ملک علاج کا فیصلہ نواز شریف کا خاندان کریگا، احسن اقبال

167

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کے اندرون ملک یا بیرون ملک علاج کا فیصلہ ان کا خاندان کرے گا، ہو سکتا ہے بیرون ملک سے ڈاکٹر یہاں بلا کر علاج کرایا جائے، کونکہ وہ ابھی سفر کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس خطرناک حالت تک گر چکے ہیں جب ان کے پلیٹ لیٹس بہتر ہوجائیں گے اس کے بعد نواز شریف کا خاندان اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ ان کے مستقل علاج کیلیے کون سی جگہ بہتر ہے۔ ہر انسان کا حق ہے کہ وہ اپنا بہترین سے بہترین علاج کرائے۔ اسی طرح نواز شریف کی فیملی بھی چاہتی ہے کہ ان کی زندگی بچانے کیلیے وہ ملک کے اندر یا بیرون ملک علاج کرائے تاہم بیرون ملک علاج کا فیصلہ شریف فیملی اور ڈاکٹرز کو کرنا ہے کیونکہ ابھی وہ سفر کرنے کی پوزیشن میںنہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ نواز شریف کے علاج کیلیے بیرون ممالک جانے میں ای سی ایل رکاوٹ ہے اس بارے میں لاہور ہائیکورٹ فیصلہ کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ نوازشریف کے علاج کے لیے باہر سے کوئی ڈاکٹر بھی بلایا جائے تاہم اس کا فیصلہ ان کی فیملی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی وزرا کے بیانات افسوس ناک ہیں وہ انسانی بنیادوں پر نواز شریف کیلیے دعا کرنے کے بجائے تنقید کرتے رہے۔