پرویز مشرف غداری کیس میں استغاثہ کی پوری ٹیم فارغ

119

اسلام آباد (آن لائن) سابق صدر پرویزمشرف کیخلاف غداری کیس میں حکومت نے استغاثہ کی پوری ٹیم کو فارغ کر دیا ہے جبکہ پرویزمشرف کے وکیل کی التوا کی درخواست منظور کرلی گئی اور آئندہ سماعت سیکرٹری داخلہ کو طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق خصوصی عدالت میں جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پرویز مشرف سنگین غداری کیس پر سماعت کی، سابق صدر کے وکیل رضا بشیر کی جانب سے ایک بار پھر التوا کی درخواست دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وہ ڈینگی بخار کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کہا کہ یہ آخری موقع ہے، مزید التواکسی صورت نہیں ملے گا۔ جسٹس وقار احمد سیٹھ نے ریمارکس دیے کہ حکومت نے استغاثہ کی پوری ٹیم کو فارغ کر دیا ہے، کیا استغاثہ کی ٹیم کو اس انداز میں فارغ کیا جا سکتا ہے؟، پراسیکیوٹر کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کیا آپ کو کوئی نوٹیفکیشن موصول ہوا ہے؟، جس پر پراسیکیوٹر ڈاکٹر طارق حسن نے کہا کہ تاحال کوئی اطلاع نہیں ملی لیکن افواہ ضرور سنی ہے۔ جسٹس نذر اکبر کا کہنا تھا کہ جب تک آپ کو نوٹی فکیشن نہیں ملتا آپ کام جاری رکھیں۔ عدالت نے پرویز مشرف آئین شکنی کیس کی سماعت 19 نومبر تک ملتوی کر دی۔