اسلام آباد( آن لائن )اسلام آباد ہائیکورٹ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف کارروائی کی درخواست خارج کر دی۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ ہمارے بارے میں بھی بہت کچھ کہا جاتا ہے، مجھے بتائیں ہمیں کسی کو کیوں روکنا چاہیے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ایسی باتوں سے کسی کو کیسے فرق پڑ سکتا ہے، ملک میں اظہار رائے کی آزادی ہونی چاہیے ۔کیا آپ نے اسلام پڑھا ہے، امام ابوحنیفہ اپنے شاگردوں سے اظہار اختلاف کرتے تھے۔جسٹس اطہر من اللہ نے مزید کہا کہ یہ گلوبل ورلڈ ہے اور سوشل میڈیا کا دور ہے ، کس کس کو روکیں گے، ہمارے اپنے کردار ایسے ہونے چاہییں کہ کوئی ہمارے بارے میں ایسی بات نہ کرے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف کارروائی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔ خیال رہے کہ پاک فوج کے خلاف تقریر کرنے پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج سے متعلق بیانات پر درخواست گزار شاہجہان نے عدالت سے رجوع کیا تھا ۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان پر اداروں کے خلاف تقریر کی وجہ سے پابندی عائد کی جائے۔درخواست میں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان، چئیرمین پیمرا، مولانا فضل الرحمان اور وفاق کو فریق بنایا گیا۔