بھارت بوکھلاہٹ کاشکار ہوکر امن تباہ کرنا چاہتا ہے‘ شاہ محمود قریشی

155

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بھارت نے جھوٹا دعویٰ کر کے بالا کوٹ پر حملہ کیا تھااس حملے سے متعلق بھارتی جھوٹ دنیا میں بے نقاب ہوا، دنیا نے دیکھا کہ بھارت پہاڑیوں پر بم برسا کر کچھ درختوں کو نقصان پہنچا کر بھاگ گیا تھا۔شاہ محمود کا کہنا ہے کہ آج بھی اگر بھارت کوئی دعویٰ کر رہا ہے تو عالمی میڈیا آئے اور حقیقت دیکھ لے، بھارت کا پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی جبکہ ہم نے ہمیشہ معاملات کو سلجھانے کی کوشش کی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ بھارت دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے حالات دیکھنے سے روک رہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ کشمیری بھارت سے بغاوت کرچکے ہیں اور اس سے نالاں ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ترکی نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، ہم ان کے شکر گزار ہیں حالانکہ بھارت نے پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کی پوری کوشش کی۔