کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں انسانوں کا سمندر امڈ آیا

139

اسلام آباد(صباح نیوز)کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں انسانوں کا سمندر امڈ آیا۔کشمیر ملین مارچ کے دوران لوگوں نے 5کلومیٹرطویل کشمیر کا پرچم لہرا کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ جموں کشمیر سالیڈیریٹی موومنٹ، کشمیر یوتھ الائنس اور مسلم کانفرنس کے زیر اہتمام ہونے والے اس تاریخی اور منفرد نوعیت کے مارچ میں جڑواں شہروں اور گردونواح سے آنے والے عوام نے نئی تاریخ رقم کر دی۔ اس موقع پروفاقی دارالحکومت کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتا رہا۔ 5کلومیٹر کا طویل ترین کشمیر کا پرچم ڈی چوک سے ایف نائن تک لہرایا گیا،ملین مارچ کے دوران شرکا میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔جڑواں شہروں کی عوام مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے اسلام آباد کی سڑکوں پر نکلی تو عوام کابہت بڑا جم غفیر دیکھنے میں آیا۔ شہر بھر سے خواتین، تاجر، طلبہ ،علما، وکلا، سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ڈی چوک پر بنائے گئے اسٹیج پر جڑواں شہروں سے خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔دوسرا اسٹیج بلیو ایریا کے قریب بنایا گیا جس پر شہر بھر سے کاروباری لوگ، تاجر،یونینز،مزدور نمائندے شریک تھے۔تیسر ا اسٹیج طلبہ کا تھا ،چوتھا اسٹیج سینٹورس مال کے قریب بنایا گیا تھا جس میں حریت رہنمائوں سمیت کشمیری قیادت شریک تھی۔پانچویں اور آخری اسٹیج پرسول سوسائٹی، یوتھ تنظیموں اور اقلیتی برادری کے نمائندگان شریک تھے،پانچوں اسٹیجوں کے شرکاکشمیریوں کے حق میں نعرے لگاتے رہے اور خطابات بھی کرتے رہے۔