اپوزیشن متفق ہے کہ 2020 انتخابات کا سال ہونا چاہیے،احسن اقبال

178

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن متفق ہے کہ 2020 انتخابات کا سال ہونا چاہیے،حکومت کی پالیسیاں ملک کی سلامتی کیلئے خطرہ بنتی جا رہی ہیں۔

شکر گڑھ میں میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کی ساکھ تباہ کر دی ہے، مسلم لیگ (ن) کا ویژن پاکستان کو 25 بڑی معیشتوں میں شامل کرنا تھا جب کہ موجودہ حکومت نے ملک کو کمزور ترین 25 معیشتوں میں کھڑا کرنے کا ٹھیکہ لے رکھا ہے، ملک کی معاشی حالت خراب ہو تو دفاع اور سفارت کاری صفر ہو جاتی ہے،سفارت کاری کے میدان میں پاکستان بالکل تنہا ہو چکا ہے،بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں وہ کام کردکھایا جس کی جرات وہ گزشتہ 72 سالوں میں نہ کر سکااور حکومت نے کچھ نہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) 27 اکتوبر کو کشمیر کی حمایت میں ریلیاں نکالے گی اور پارٹی کے قائد نواز شریف کی ہدایت پر31 اکتوبر کو اسلام آباد آزادی مارچ میں شرکت کریں گے۔ پوری مسلم لیگ  (ن)متحد ہے اور کارکن چٹان کی طرح اپنے نظریے پر ڈٹے ہوئے ہیں،اسلام آباد جلسے میں اپوزیشن جماعتیں چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کریں گی،حکومت جان شکنجے میں آنے پر مذاکرات کا لالی پاپ دے رہی ہے،

رہنما (ن)لیگ نے کہا کہ ساری اپوزیشن پارٹیاں متفق ہے کہ 2020 انتخابات کا سال ہونا چاہیے،ملکی مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں، عوام شفاف انتخابات کے بعد پر امن انتقال اقتدار چاہتے ہیں، پاکستانی عوام کسی کو 2018 کے الیکشن کا ری پلے دہرانے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیاں ملک کی سلامتی کیلئے خطرہ بنتی جا رہی ہیں، معاشی بد حالی کی وجہ سے عام آدمی کی چیخیں نکل رہی ہیں، متوسط طبقے اور سفید پوش عوام کا معاشی کچومر نکل رہا ہے، عمران خان چالاکی کے ساتھ اپنی غلطیوں کو اداروں پر تھوپ رہے ہیں۔