اسلام آباد (اے پی پی) چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے کہا ہے کہ منشیات اور قتل جیسے جرائم سے متعلق کیسوں کے جلد فیصلوں کیلئے قائم ’’ماڈل عدالتوں‘‘ کے جج دستیاب وسائل کے ساتھ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ جمعہ کوسپریم کورٹ میں ماڈل عدالتوں کے ججوں میں اعلیٰ کارکردگی کے سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہاکہ قتل اور منشیات کے کیسوں کے تیزی سے فیصلے کرنے کی منزل کاحصول بار ایسوسی ایشنوں، پانچوں ہائی کورٹس، وکلاء پولیس ، پراسیکیوشن اور محکمہ صحت کی مدد کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ تقریب کے دوران ڈائریکٹر جنرل، ماڈل کورٹس سہیل ناصر نے ماڈل کورٹس میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے ججوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی بعد ازاں چیف جسٹس نے اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ججوں میں اسناد تقسیم کیں۔