امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ تبدیلی کا کھیل مکمل ناکام ہوگیا ہے،تبدیلی سرکاراپنی لائی گئی تبدیلی دیکھ کرخودبھی پریشان ہوگئی ہے،تبدیلی کے نام پر عوام سے بدترین مذاق کیا گیا ہے۔
ننکانہ صاحب میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ تبدیلی کا کھیل مکمل ناکام ہوگیا ہے،تبدیلی سرکاراپنی لائی گئی تبدیلی دیکھ کرخودبھی پریشان ہوگئی ہے،پی ٹی آئی نےتبدیلی کے نام پر عوام سے بدترین مذاق کیا گیا ہے،ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں،اب حکمران چاہتے ہیں انہیں سیاسی شہید کا رتبہ مل جائے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کے اسٹیٹس کو کا حصہ ہے،حکومت میں ساری کابینہ پرویز مشرف کی ہے، عوام حکومت اور اس کی پالیسیوں سے بے زار ہوچکے ہیں،لوگ پوچھتے ہیں کہ ملک و قوم سے یہ کھیل کھیلنے والوں کو کیا ملا ہے،جن اداروں کا نام احترام سے لیا جاتا تھا آج ہرجگہ ان پرتنقید کی جارہی ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک ایک دلدل میں پھنس گیا ہے،22کروڑ عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں،لوگوں کے چہروں پر مایوسی اور اضطراب ہے،مہنگائی اوربے روز گاری نے عوام سے دن کا سکون اور راتوں کی نیند چھین لی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر 4سو محکموں کو بند کرنے کی خبریں سنا رہے ہیں اور حکومت سے نوکریاں مانگنے والے نوجوانوں کو کاہلی اور سستی کے طعنے دے رہے ہیں،خود وزیر اعظم کہتے ہیں کہ قوم بڑی بے صبری ہے،14ماہ ہی میں تبدیلی نہ آنے کا گلہ کرنے لگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف ادارے بند ہورہے ہیں اور دوسری طرف اسٹیٹ بنک ڈالر کی قیمت میں مزید اضافے کی رپورٹیں دے رہا ہے، جب تک ناجائز ذرائع سے حرام کی دولت اکٹھی کرنے والوں سے پیسہ واپس نہیں لیا جاتا اور سودی معیشت سے توبہ نہیں کی جاتی معاشی حالات نہیں سدھریں گے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقا،سا لمیت اور تحفظ کیلئے ضروری ہے مگر حکمران اس طرف توجہ دینے کی بجائے نان ایشوز میں الجھی ہوئی ہے۔حکومت کا فرض تھا کہ کشمیر کے مسئلہ پر قوم کو متحد کرتی مگر حکومت نے قومی وحدت کو سبوتاژ کیا۔ہم حکومت سے کہتے ہیں کہ اگر آپ نے کشمیر کا سودا نہیں کیا تو آزاد کشمیر پر آئے روز ہونے والے حملوں کا جواب کیوں نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام سے جتنے وعدے کئے تھے ان میں سے کوئی ایک بھی پورا نہیں کرسکی۔