احتساب عدالت: حمزہ شہباز مزید ریمانڈ پر جیل منتقل، خواجہ برادران کی بریت کی درخواستیں مسترد

379
لاہور: مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو احتساب عدالت میں پیشی کے لیے لایا جارہا ہے
لاہور: مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو احتساب عدالت میں پیشی کے لیے لایا جارہا ہے

لاہور(نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت نے اثاثہ جات و منی لانڈرنگ کیس حمزہ شہباز کو مزید ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا جبکہ پیراگون کیس میںخواجہ برادران کی بریت کی درخواستیں مستردکردیں، عدالت کا سلمان شہباز کے تمام اثاثے اور جائیدادضبط کرنے کا حکم ۔ تفصیلات کے مطابقلاہور کی احتساب عدالت نے اثاثہ جات و منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازکو مزید 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھج دیا جبکہ آشیانہ اور رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف کمر درد کے باعث عدالت پیش نہ ہوئے۔ بدھ کو سماعت کے موقع پرحمزہ شہباز کوسخت سیکورٹی میں عدالت پیش کیا گیا، نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ اثاثہ جات ریفرنس جلد عدالت پیش کر دیاجائیگا۔ عدالت نے شہباز شریف کی عدم پیشی پر ریمارکس دیے کہ ہمارے سامنے اکثر ملزم کمر دردکا شکار ہیں، آشیانہ اقبال کیس میں استغاثہ کے مزید 2گواہوں شکیل احمد اورثاقب الرحمن پرجرح مکمل کرلی گئی، عدالت نے فواد حسن فواد، احد چیمہ اورشریک ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 24 اکتوبر تک توسیع کردی۔ علاوہ ازیںاحتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعدرفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کی بریت کی درخواستیں مسترد کر تے ہوئے ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30اکتوبر تک توسیع کردی ہے۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے بریت کی درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ خواجہ برادران نے عدالت کے روبرو نیب کی کارروائی کو چیلنج کرتے ہوئے فرد جرم ختم کرنے کی درخواست کی تھی۔ مزید برآں احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے تمام اثاثے اور جائیدادضبط کرنے کا حکم دے دیا۔احتساب عدالت کے جج چودھری امیر محمد خان نے نیب کی درخواست پر کیس کی سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر حافظ اسداللہ اعوان نے سلمان شہباز کی جائیداد قرقی کیے جانے کے حوالے سے رپورٹ پیش کر دی جس میں کہا گیا کہ عدالتی احکامات پر سلمان شہباز کی طلبی کے حوالے سے انکی رہائش گاہ کے باہر اور عدالتی دروازے کے باہر اشتہارات لگائے گئے‘ عدالت نے نیب کو جائیداد قرق کیے جا نے اور متعلقہ محکموں کو آگاہ کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کر دی۔یادرہے کہ نیب نے سلمان شہباز کی جائیداد ضبط کرنے اور اشتہاری قرار دینے کی احتساب عدالت سے استدعا کررکھی تھی۔