اب مقامی ہتھیاروں کی مدد سے جنگ جیتیں گے، بھارتی آرمی چیف کی بڑھک

182

نئی دہلی(صباح نیوز)بھارتی آرمی چیف بپن راوت اور نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر اجیت دوول نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت اپنی اگلی جنگ مقامی طور پر تیار کردہ ہتھیاروں سے نہ صرف لڑے گا بلکہ اس جنگ میں اپنے دشمنوں کو شکست فاش دے کر اپنی عسکری برتری ثابت بھی کردے گا۔وہ نئی دہلی میں ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن(ڈی آر ڈی او)کی41ویں ڈائریکٹرز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔بپن راوت کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج مستقبل کی جنگ میں استعمال ہونے والے نظاموں کا جائزہ لے رہی ہے جس کے لیے انہیں سائبر، خلائی، لیزر، الیکٹرونک اور روبوٹک ٹیکنالوجیز کے علاوہ مصنوعی ذہانت(آرٹیفیشل انٹیلی جنس)پر بھی کام شروع کرنا ہوگا۔ اجیت دوول نے کسی بھی جنگ میں فتح کے لیے ٹیکنالوجی اور دولت کو اہم ترین عوامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ میں دوسرے نمبر پر آنے والے کے لیے کوئی ٹرافی نہیں ہوتی۔