سکھر شہر میں صفائی اور نکاسی آب کا نظام مفلوج، شہریوں کا احتجاج

265

 

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر شہر میں صفائی اور نکاسی آب کا نظام مفلوج، شہر کی سڑکوں پر گندا پانی جمع ہونے کے خلاف سول سوسائٹی سراپا احتجاج، مظاہرین میئر کا پتلا اٹھا کر بیراج روڈ سے گندا پانی نکالتے رہے،سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں صفائی اور نکاسی آب کا نظام مفلوج ہونا روز کا معمول بن گیاہے اور شہر کی سڑکوں، گلیوں اور محلوں میں کوڑے کرکٹ اور گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور جمع گندا پانی شہریوں کا منہ چڑانے میں مصروف ہے اس پریشان کن ناگفتہ بہ صورتحال کیخلاف سکھر کی سول سوسائٹی کے افراد نے سکھر شہر کے علاقے بیراج روڈپر پر ہاتھوں میں جھاڑو اور میئر سکھر کا پتلا اٹھا کر گندے پانی میں کھڑے ہوکر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین احتجاج کے دوران سڑک پر جمع پانی نکالتے رہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کتنے شرم کی بات ہے کہ سندھ کے تیسرے بڑے شہر کی یہ صورت حال ہے کہ یہاں پر نہ صفائی ہے نہ نکاسی آب کا نظام بہتر ہے اور نہ فراہمی آب کا نظام بہتر ہے شہریوں کو انسان ہی نہیں سمجھا جارہا ہے ان کی صحت سے کھیلا جارہا ہے مگر کوئی پرسان حال نہیں ہے منتخب نمائندوں یا انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ شہریوں کی حالت پر رحم کھا کر صفائی ستھرائی اور فراہمی آب کی صورت حال بہتر بنائی جائے اور اس عذاب سے نجات دلائی جائے۔