آئی جی سندھ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ، ڈسٹرکٹ ایسٹ فاتح

122

 

کراچی (اے پی پی) ڈسٹرکٹ ایسٹ نے آئی جی سندھ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ میں فتح حاصل کرلی، پینلٹی شوٹ آوٹس کی بنیاد پرسنسی خیز مقابلے میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، بہترین کھلاڑی عدنان رائو، بہترین گول کیپر عون علی اور ٹاپ سکورر عبداللہ بخاری رہے۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے اولمپین حنیف خان/ڈاکٹرجنیدعلی شاہ اسپورٹس کمپیلکس کراچی میں منعقد ہونے والی آئی جی سندھ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کے اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں ڈسٹرکٹ ایسٹ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈسٹرکٹ سینٹرل کو شکست دے دی۔ میچ کا آغاز جارحانہ کھیل سے ہوا، دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر جاندار حملے کئے گئے۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے کھلاڑیوں نے میچ کے پہلے دو کوآٹرز کے اختتام تک ڈسٹرکٹ ایسٹ پر دبائو بڑھائے رکھا جس کے نتیجے میں کھیل کے 37ویں منٹ میں ڈسٹرکٹ سینٹرل پینلٹی سٹروک حاصل کرنے میں کامیاب رہی جو کہ فہیم خان نے کامیابی سے گول پوسٹ میں پھینک کر اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل کی جانب سے حماد ایاز نے کھیل کے 39ویں منٹ میں گول سکور کرکے اس برتری کو مستحکم بنایا۔ تیسرے کوآٹر میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کھیل کے 44ویں منٹ میں انس صدیقی نے فیلڈ گول کیا جبکہ کھیل کے 46ویں منٹ میں انس صدیقی نے دوبارہ گول کرکے ڈسٹرکٹ ایسٹ کو ہارا ہوا میچ جیتنے کی امید دلائی اور کھیل مقررہ وقت تک 2-2 گول سے برابر رہا۔ پینلٹی شوٹ آئوٹس کی بنیاد پر ڈسٹرکٹ ایسٹ نے کامیابی سے پانچوں گول سکور کئے جبکہ ڈسٹرکٹ سینٹرل نے گول سکور کرنے کے دو قیمتی مواقع ضائع کردیئے۔ مہمان خصوصی آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ عدنان رائو کو دیا جبکہ بہترین گول کیپر عون علی اور ٹاپ سکورر عبداللہ بخاری کو بھی ایوارڈ دئیے گئے۔ فائنل میچ کو امپائرز فیصل اسماعیل اور عمران خان نے سپروائز کیا۔ قبل ازیں فائنل میچ کی تقریب کے مہمان خصوصی آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام کا سٹیڈیم آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔ معزز مہمان کا استقبال کرنے والوں میں لیجنڈ اولمپین حنیف خان، کے ایچ اے کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر ایس اے ماجد، آرگنائزنگ سیکرٹری و سیکرٹری کے ایچ اے حیدر حسین، جاوید اقبال سمیت کے ایچ اے عہدیداران شامل تھے۔ معزز مہمان خصوصی نے تقریب تقسیم انعامات میں کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کئے۔ صدر کے ایچ اے ڈاکٹر جنید علی شاہ کی جانب سے آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام کو خصوصی شلیڈ بھی پیش کی گئی۔ آئی جی سندھ سے انعامات حاصل کرنے والوں میں اولمپین حنیف خان، وائس ایڈمرل (ر) عارف اللہ حسینی پیٹرن ان چیف کے ایچ اے، سپورٹس مینجمنٹ انالسٹ سید علی عباس، چیئیرمین سندھ پولیس سپورٹس بورڈ عاصم خان قائمخانی، چیف انجینئر سندھ اسلم مہر، ڈپٹی سیکرٹری سندھ پولیس سپورٹس بورڈ شاہ عدیل سمیت شہرہ آفاق سپورٹس اینکر مرزا اقبال بیگ شامل تھے۔