فضل الرحمن کاایک اہم بندہ جلد اندر ہونے والا ہے‘ شیخ رشید

322

لاہور(نمائندہ جسارت )وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کو بہتر رابطوں کے لیے نیب شفٹ کیا گیا، مولانا کے آگے کنواں پیچھے کھائی ہے ، اپوزیشن کو مروائیں گے جن6افراد کی بات کرتا ہوں تو ان میں سے4گرفتار ہوچکے اور جلد پکڑے جانے والوں میں سے ایک مولانا فضل الرحمن کا بندہ ہے۔ لاہور میں ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئیشیخ رشیدنے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کس ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں یہ اللہ کو پتا ہے،ان کے آگے کنواں پیچھے کھائی ہے، شہباز شریف اور فضل الرحمن میں ابھی کسی بات پر اتفاق نہیں ہوا، نواز شریف کو بہتر رابطوں کے لیے نیب شفٹ کیا گیا، اکتوبر، نومبر اور دسمبر اہم ہیں اور 15 سے 30 جنوری میں وزیراعظم عمران خان تمام مسائل پر قابو پالیں گے اور چھا جائیں گے ، پہلے بھی مولانا فضل الرحمن نے اپوزیشن کو مروایا اب بھی مروائیں گے،26اکتوبر کو بتائوں گا مولانا فضل الرحمن کس ایجنڈے پر کام کررہے ہیں،شہباز شریف کبھی ادھر ہیں تو کبھی ادھر،مولانا فضل الرحمن اور شہبازشریف کی کوئی چیز فائنل نہیں،سیاست،جنگ اور محبت میں وقت کا بہت اہم کردار ہے، نوازشریف کو مروانے میں مریم نواز کا کلیدی کردار ہے، اب دیکھیں حسن اور حسین نواز کیا کرتے ہیں،عمران خان6آدمی رہا کردیں تو اپوزیشن کی ساری تحریک ٹھس ہوجائے گی، جن 6 افراد کی بات کرتا ہوں تو ان میں سے4گرفتار ہیں اور2 ہونے والے ہیں، ان2 میں ایک مولانا فضل الرحمن کا بندہ بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن کے پاس کچھ نہیں ہے اور پیپلزپارٹی کی بات بھی حتمی نہیں، تمام مسائل خلا میں لٹک رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں فوج پولنگ بوتھ کے اندر اور باہر نہ ہو، اگر فوج پولنگ بوتھ پرنہ ہو تو لوگ پولنگ کے ڈبے اٹھا کرلے جائیں۔ عمران خان نے مودی کو پھنسا دیا، اب مودی کی نہ جان چھوٹ سکتی ہے نہ بچ سکتی ہے، پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر جنگ ہوئی تو آخری ہوگی، دنیا کو سمجھ ہونی چاہیے ہمارے پاس گنوانے کو کچھ نہیں لیکن بھارت کے پاس کھونے کو بہت کچھ ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، مقبوضہ وادی میں کرفیو اٹھے گا تو کشمیری جان ہتھیلی پر رکھ کر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 5کے بجائے3برس میں ریلوے کا خسارہ ختم کردیں گے،جو افسر اور مزدور وقت پر نہیں آئے گا اس کی غیر حاضری مارک ہوگی، ایم ایل ون منصوبے کا خواب پورا ہونیوالا ہے، چین کے دورے میں آرمی چیف نے بھی ریلوے پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حساس پروگرام کے ذمے داران سے اسٹیشنوں پر ایک ہزار دکانیں بنانے کا کہا ہے۔