ڈی سی سکھر کی کھلی کچہری عملے پر سخت برہمی کا اظہار

216

سکھر (نمائندہ جسارت) کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے پیر گوٹھ سرکٹ ہائوس میں کھلی کچہری منعقد کی۔ کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے تپیداروں اور دیگر ریونیو افسران کیخلاف عوامی شکایات پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ فوتی سرٹیفکیٹ سمیت دیگر معاملات میں عوام کو پریشان نہ کیا جائے اور فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔ بدعنوان تپیداروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ عوامی خدمت پر توجہ دی جائے، بصورت دیگر ان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ پیرگوٹھ سرکٹ ہائوس میں پرہجوم کھلی کچہری کے دوران پیرگوٹھ، سائدی ، پریالو، احمد پور، ڈرب مہر شاہ، سجن مہیسر اور یگر علاقوں سے وابستہ افراد، آبادگاروں، کھاتیداروں، اساتذہ، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے تعلیم، صحت، ریونیو، روڈز، پبلک ہیلتھ، بلڈنگ محکموں کی ناقص کارکردگی پر شکایات اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ کھاتیداروں نے سیل سرٹیفکیٹ، فوتی کھاتا، سیل سرٹیفکیٹ نہ دینے اور پیسے وصول کرنے کے باوجود اراضی کے کاغذات دوسرے افراد کے نام کرنے کی شکایات کیں۔ جس پر کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر کہا کہ کنگری تعلقہ میں ایک دیہہ کو ماڈل بنایا جائے اور کیمپ قائم کرکے سیل سرٹیفکیٹ بناکر دیے جائیں۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے اے سی کنگری صفدر علی میرانی کو ہدایت کی کہ مختارکار اور متعلقہ تپیداروں کے ساتھ مل کر 18 اکتوبر بروز جمعہ دیہہ سائدی تعلقہ کنگری میں کھلی کچہری منعقد کریں اور سارادن فوتی کھاتے بناکر دیں۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے ڈی سی خیرپور کو ہدایت کی کہ وہ ریونیو افسران اور ملازمین کو پابند کریں کہ وہ دفتری اوقات کار صبح 9 بجے متعلقہ دفاتر میں موجود ہوں، میں اچانک دورہ کروں گا، غیر حاضر عملے کو معاف نہیں کیا جائے گا، جس تپیدار، مختار کار یا کسی بھی سرکاری ملازم کو کام نہیں کرنا وہ اپنا تبادلہ کراکر یہاں سے چلا جائے۔ ڈرب مہر شاہ میں 5 پرائمری اسکول بند ہونے کی شکایت پر ڈی او ایجوکیشن کو کمشنر سکھر نے ہدایت کی کہ اسکولوں کا دورہ کرکے مکمل رپورٹ فراہم کی جائے۔ ڈی سی خیرپور محمد نعیم سندھو نے کہا کہ اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے نئے بھرتی کیے گئے اساتذہ کی تعیناتی جلد کی جائے گی۔ کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے کمرشل کالج پیر گوٹھ کی زمین پر قبضے کی شکایت پر اسٹیویٹا کے آفیسر کو ہدایت کی کہ جلد معائنہ کرکے رپورٹ دی جائے۔ انہوں نے ڈگری کالج کی فوری مرمت کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے لوکل گورنمنٹ کے افسران اور عملے کو سختی سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کان کھول کر سن لو عوامی شکایات کا ازالہ ہر صورت میں کرنا ہے، بجٹ خرچ کرنے پر جوابدہ آپ لوگ ہی ہو، اپنا قبلہ درست کرو، عوام کو مشکلات سے چھٹکارا دلائو۔ پریالو، پیرگوٹھ سمیت دیگر علاقوں میں صفائی ستھرائی، گندگی جیسے مسائل کو فوری حل کیا جائے۔ انہوں نے شاہ مردان شاہ اسکول میں سائنس ہال کی تعمیر کے لیے متعلقہ انجینئر کو ہدایت کی کہ وہ جلد اس کا اسٹیمیٹ اور پلان بنا کر دیں، جلد اس کا فنڈ رکھوایا جائے گا۔ کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے انجینئر پبلک ہیلتھ ساجن مل کو ہدایت دی کہ اسکیموں کے پلاٹوں کا معاوضہ مالکان کو نہیں ملا، ایسے معاملات کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے، معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ سڑکوں کی کھدائی کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، سڑکوں کی بحالی فوری طور پر کی جائے۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد نعیم سندھو نے بتایا کہ نارا تعلقے میں اسسٹنٹ کمشنر اور مختارکار کی پوسٹیں خالی ہیں، جس کی وجہ سے اے سی کنگری کو نارا کا چارج بھی دیا گیا ہے۔ غیر حاضر ریونیو افسران، تپیداروں اور دیگر کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود محکمہ ریونیو عوامی شکایات کے فوری ازالے میں کوشاں ہے۔ انہوں نے آخر میں کمشنر سکھر ڈویژن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری احسن قدم ہے، جس سے عوامی مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر سکھر اختر حسین قریشی، اے ڈی سی ون ضمیر جاگیرانی، اے سی کنگری صفدر علی میرانی، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد حسین ابڑو، انجینئر پبلک ہیلتھ ساجن مل سمیت تمام سرکاری اداروں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔