کوئٹہ (نمائندہ جسارت، نیوز ایجنسیاں) کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں گھریلو تنازعے پر شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی اور ساس کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں گھریلو تنازعے کے بعد شوہر عبدالغفار نے بیوی اور ساس کو قتل کردیا، جاں بحق خواتین کی میتیں پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کردی گئیں، جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کرشواہد اکٹھے کرلیے، تفتیشی افسر شالکوٹ تھانہ اے ایس آئی محمد یوسف کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گھریلو جھگڑے کا نتیجہ ہے، جبکہ شوہر فائرنگ کے بعد اپنے ایک بھائی کے ہمراہ فرار ہوگیا۔ فائرنگ کے واقعہ میں شوہر اور اس کے تین بھائیوں کو نامزد کیا گیا ہے جن میں سے دو کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مرکزی ملزم اور اس کے تیسرے بھائی کی تلاش جاری ہے۔ راولپنڈی تھانہ مری کے علاقے میں قبضہ گروپوں کیخلاف پولیس نے کارروائی کرکے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں غیرقانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ پولیس نے بتایا ہے کہ 2 قبضہ گروپوں نے باہمی تصادم کے بعد سڑک بلاک کردی تھی۔ ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلیے گئے، ایس پی صدر رائے مظہر اقبال نے سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تھانہ مری کے علاقے میں 2 قبضہ گروپوں کے مابین تصادم ہوا، جس کے بعد ملزمان نے سڑک بلاک کردی۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے روڈ کو کلیئر کروا کر دونوں گرپوں کے 5 ملزمان احسان اکرم، ذیشان، پرویز، امجد علی اور محمد نذیر عرف پپو کو گرفتارکرکے ان سے بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا۔ ملزمان کیخلاف تھانہ مری میں مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔ سی پی او فیصل رانا نے قبضہ گروپوں کیخلاف بروقت کارروائی پر ایس پی صدر کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ملکہ کوہسار مری کے علاقے میں سڑک کا بلاک ہونا کسی بھی صورت اور کسی بھی قیمت پر قابل برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس قبضہ گروپوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کیخلاف منظم انداز میں آپریشن کرے کیوں کہ ہم نے ہر صورت پنڈی کو اسلحہ فری بنانا ہے۔ راجن پور میں 4 بچے کھیلتے ہوئے سیوریج کے کھلے مین ہول میں گرگئے، جن میں سے 1 بچے کی لاش نکال لی گئی، جبکہ 3 بچوں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ راجن پور کے علاقے بستی پھلی میں 4 بچے سیوریج لائن کے مین ہول میں گرگئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے آپریشن کرکے 1 بچے کی لاش اور 3 بچوں کو زخمی حالت میں نکال لیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمی بچوں کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے بچوں کی عمریں 2 سے 5 سال کے درمیان ہیں۔