عدالت عالیہ سندھ کا حکومت سندھ کو ویمن ریسکیو فورس بنانے اور یتیم خانوں کی رجسٹریشن کا حکم

126

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت کو ویمن ریسکیو فورس بنانے کا حکم دے دیا عدالت نے سندھ بھر میں یتیم خانوں اور یتیم بچوں کی رجسٹریشن کا حکم دے دیا ،سندھ ہائی کورٹ میں بے سہارا اور گھریلو تشدد کا شکار خواتین کے لیے سیف ہائوسز کے قیام سے متعلق درخواست کی سماعت جسٹس صلاح الدین پہنور پر مشتملسنگل بینچ نے کی،محکمے کی رپورٹ کے بعد عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ ضلعی سطح پر خواتین ایس ایس پیز فورس کی انچارج ہوں گی، 2 سال میں 400 خواتین کو کاروکاری قرار دے کر قتل کردیا گیا، عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ صرف 2 ماہ میں کاروکاری قرار دے کر 30خواتین کو قتل کرنے کے واقعات سامنے آئے، عدالت کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں کو اربوں روپے دے دیے جائیں تو 10 سال بعد بھی کارکردگی صفر ہوگی، صرف کاغذی کارروائی نہیں ٹھوس اقدامات کریں،قبرستان جیسی خاموشی ہوگی تو ججز کو بولنا پڑتا ہے ، عدالت نے چیف سیکرٹری کو سیف ہائوسز کے قیام سے متعلق 2 ماہ میں رپورٹ پیش کرنے جبکہ یتیم بچوں کو نجی اسکولز میں داخل کرانے کے لیے اقدامات کا حکم بھی دیا، عدالت کا کہنا تھا کہ بیکن ہائوس جیسے تعلیمی اداروں میں علم حاصل کرنا یتیم بچوں کا بھی حق ہے،عدالت نے سیکرٹری تعلیم اور ڈی جی پرائیویٹ اسکولز کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کیا ۔اپنے ریمارکس میں جسٹس صلاح الدین پہنور کا کہنا تھا کہ بیورو کریسی اور حکومت کام کرنے کے بجائے صرف گاڑیوں اور گھروں کی ریس میں ہے، عدالت نے سرکاری افسران کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ جب تک آپ لوگوں کی نیندیں حرام نہیں ہوں گی کوئی کام نہیں ہوگا، عدالت نے بے سہارا خواتین اور یتیم بچوں کی دیکھ بھال کے اداروں کی اصلاحات کے لیے کمیٹی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کا ویمن پولیس اسٹیشنز کو ویمن پروٹیکشن سینٹرز میں تبدیل کیا جائے ، عدالت نے سندھ بھر میں یتیم خانوں اور یتیم بچوں کی رجسٹریشن کے حکم میں کہا کہ بے سہارا خواتین اور یتیموں کی مدد ریاست کی ذمے داری ہے۔
ویمن ریسکیو فورس