حکومت مدارس پر مغربی ایجنڈا مسلط کرنا چاہتی ہے،سراج الحق

110
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق جے آئی یوتھ اسپورٹس اینڈ کلچرل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق جے آئی یوتھ اسپورٹس اینڈ کلچرل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت اصلاحات کے نام پر مدارس پر بھی مغرب کا ایجنڈا مسلط کرناچاہتی ہے ۔ حکومت اپنی ناکامی اور نااہلی سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے نان ایشوز کو ایشو بنارہی ہے ۔ مغرب کے دبائو پر دینی مدارس کے خلاف خوف و ہراس کی فضا بنائی جارہی ہے ۔مدارس اصلاحات کا مطالبہ عوام کا ہے نہ طلبہ اور والدین کا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں مرکزی ذمے داران کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر دنیا بے حس اور حکمران بے بس ہوچکے ہیں ۔ اقوام متحدہ میں وزیر اعظم کی تقریر کو 10 دن گزر گئے مگر دنیا ٹس سے مس نہیں ہوئی ۔ 64 دن سے کشمیر میں زندگی مفلوج ہے ، 80 لاکھ کشمیری محصور اور محبوس ہیں۔ خوراک و ادویات ختم اور لوگ بیماریوں کے ساتھ بھوک سے مر رہے ہیں مگر دنیا بھر کے انسانی حقوق کے ادارے مذمتی بیانات سے آگے نہیں بڑھ سکے ۔ جب حکمران خود کوئی عملی قدم نہیں اٹھاتے ، دنیا خاموشی نہیں توڑے گی ۔ مودی اکھنڈ بھارت کے ایجنڈے پر چل رہاہے ۔ جبکہ ہمارے حکمرانبزدلی اور بے حمیتی کو چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عوام مہنگائی ، بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں ۔ تعلیم اور صحت کے مسائل مسلسل بڑھ رہے ہیں ۔ عدالتوں سے عام آدمی کو انصاف نہیں مل رہا ۔ 80 فیصد شہری پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں ، ضرورت اس امر کی تھی کہ حکومت عوام کی پریشانیوں کا حل نکالتی ، حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید تکلیف دے رہے ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ دنیا میں بڑھتے اسلاموفوبیا کے مسئلے کے حل کے لیے ضروری ہے کہ ہم دنیا کو اسلام کی روشن تعلیمات سے آگاہ کریں ۔ انسانیت کی خدمت اور بھلائی پر اسلام نے سب سے زیادہ زور دیاہے اور اسلام انسانی حقوق کا سب سے بڑا علمبردار اور داعی مذہب ہے ۔ ہمیں اپنی نئی نسل کو اسلام کے حقیقی تصور سے جوڑنا ہوگا جس کے لیے ہر مسجد کے ساتھ اسلامی ودینی کتب کی لائبریری اور جدید تحقیق کے لیے ہر شہر میں لیبارٹریوں کا قیام نہایت ضروری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مغرب اور یورپ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اسلام کے پاکیزہ اور روشن چہرے کو داغدار کرنے کی ناکام کوشش کر رہاہے ۔ مغرب کو تعصب کی عینک اتار کر اسلام کی محبت و اخوت اور انسانی ہمدردی کی تعلیمات کا مطالعہ کرنا چاہیے ۔
سراج الحق