زرداری اور فریال تالپور کا پنڈی میں ٹرائل بدنیتی پر مبنی ہے، پیپلزپارٹی

162

اسلام آباد (صباح نیوز) پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرنیز کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کا پنڈی میں ٹرائل بدنیتی پر مبنی ہے، الزامات میڈیا ٹرائل کے سوال کچھ نہیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ نیب نام نہاد ذرائع میں چھپنے کے بجائے کھل کر سامنے آئے اور ہر الزام کی پریس ریلیز جاری کرے۔ نام نہاد ذرائع میں چھپ کر میڈیا ٹرائل بند کرے۔ میڈیا سے بھی درخواست ہے کہ نام نہاد ذرائع جعلی ہیں ان پر اعتبار نہ کیا جائے اور آزاد میڈیا کو سیاستدانوں کے خلاف مہم جوئی کا حصہ نہیں بننا چاہیے، آصف علی زرداری پر اربوں روپے کے الزامات لگا کر ان کا میڈیا ٹرائل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان چہروں کو خوب پہچانتے ہیں جو پردے کے پیچھے بیٹھ کر جعلی ذرائع کے نام پر خبری شائع کروا کر سیاستدانوں کے خلاف کردارکشی میں مہرے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔