کراچی(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل ) کے سر براہ جنرل(ر)پرویز مشرف نے کہاہے کہ کشمیر ہماری رگوں میں خون کی طرح بہتا ہے،ہم جب میدان میں آئیں گے بھارت کو سبق سیکھا دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو آل پاکستان مسلم لیگ کے 9ویں یوم تاسیس کی تقریب میںدبئی سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یہ خطاب کراچی ، اسلام آباد اور دیگر مقامات پر کیا گیا ۔یوم تاسیں کی تقاریب میںسیکرٹری جنرل مہرین ملک آدم،شیر عالم خٹک،نعیم نمک والا،امبرنعیم اور کراچی میں اسلم مینائی و دیگر بھی موجود تھے۔تقریب میں یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا گیا۔اے پی ایم ایل کے اعلامیے کے مطابق جنرل( ر ) پرویز مشرف نے کہاکہ بھارت کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی ہیں،پاک فوج چوڑیاں پہن کر نہیں بیٹھی ہوئی،شاید بھارتی فوج کارگل جنگ بھول گئے ہیں،بھارت نے بل کلنٹن کے پاس اپنا سفیر بھیجا تھا،بھارتی سفیر نے جا کر امریکا سے کہا کہ پاکستان کو کہیں اپنی فوج پیچھے کرے۔پرویز مشرف نے کہاکہ ہمارے وزیراعظم بار بار آپ کو امن کا پیغام دے رہے ہیں،ہماری مدد کشمیری بہن،بھائیوں کے ساتھ ہے،ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے ۔ انہوں نے پارٹی کے رہنماؤں کو یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ سیکرٹری جنرل مہرین ملک اور تمام رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔پرویز مشرف نے واضح کیا کہ جو مہرین کے فیصلوں کو نہیں مانتے ان کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔