لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہفضل الرحمن کے آگے کھائی اور پیچھے کنواں ہے‘ وہ سیاست اور دینی ایشوز کوٹکرانا چاہتے ہیں‘ ملک میں خلفشار، عدم استحکام اور سرحدوں پرچھیڑ چھاڑ کی صورت میں فضل الرحمن براہ راست ذمے دار ہوں گے‘ وہ دین کے میناروں اور دینی طاقتوں کو تحریک میںملوث نہ کریں‘ ان کی تحریک کا نقصان جدوجہد آزادی کشمیر کو ہوسکتا ہے‘ شہبازشریف ڈبل شاہ نہ بنیں وہ بھی 24 اکتوبر تک ایکسپوز ہو جائیں گے۔ وہ ہفتے کو ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے پہلے اپوزیشن کو رسوا کرایا اوروہ ہی اپوزیشن جماعتوں کی سیاست کو خراب کرنے والے ہیں‘ مولانا فضل الرحمن پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کو استعمال کرنا چاہتے تھے لیکن اب وہ خود استعمال ہونے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی قوتوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ مولانا سیاست اور دینی ایشوز کو ٹکرانا چاہتے ہیں‘ فضل الرحمن مارکیٹ میں جو باتیں اور افواہیں پھیلا رہے ہیں‘ وہ ان کے گلے پڑ جائیںگی اور اس وقت ان کے آگے کھائی اور پیچھے کنواں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے اس وقت حالات نارمل نہیں‘ کشمیری ہر حال میں جدوجہد آزادی کو آگے لے کر جائیں گے‘ مولانا فضل الرحمن کے ان اقدامات سے مایوسی پھیل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول نے انتہائی ذمہ دارانہ بیان دیا ہے‘ شہباز شریف کوبھی مشورہ دیتا ہوں کہ وہ ادھر ہوں یا ادھر ہوں‘ پہلے والی سیاست کا دور ختم ہوچکاہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عمران خان اور پاک فوج پاکستان کی معیشت کو آگے لیکر جانے کے لیے ایک پیج پر ہیں‘ اپوزیشن مولانا فضل الرحمن کو آگے کرکے سمجھتی ہے کہ کوئی راستہ نکل آئے گا لیکن ایسا نہیں ہو گا‘ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہملک اس وقت عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا‘ ملک میں جو کھیل کھیلا جارہا ہے اس کا مطمع نظر صرف ابو‘ بھائی اور پھوپھی بچائو مہم ہے‘ مولانا فضل الرحمن جس پچ پر کھیل رہے ہیں یہ حکومت کو بلیک میل کرنیکے لیے ہے۔ شیخ رشید احمد نے وزیر اعظم عمران خان کو سالگرہ کی مبارکباد دی ۔
شیخ رشید