کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ کسٹم حکام نے کارروائی کرتے ہوئے نان کسٹم پیڈگاڑیاں اور غیرملکی کپڑاقبضے میں لے لیاہے ،برآمد سامان کی قیمت کروڑوں روپے بتائی جارہی ہے ۔گزشتہ روز کلکٹر کسٹم پریوینٹو کوئٹہ افتخار احمد کو خفیہ اطلاعات ملی کہ اسمگلر مسافر بسوں کی آڑ میں غیر ملکی سامان سمگل کرنے کے کوشش کر رہے ہیں ایڈیشنل کلکٹر پریوینٹو جمیل بلوچ ، اسسٹنٹ کلکٹر سلیم طاہر اور سپرنٹنڈنٹ اسلم خان کو یداہات جاری کردی ۔جس پر انچارج لکپاس انسپکٹر جمیل کاکڑ اور انسپکٹر عارف دوتانی نے اندرون ملک جانے والی مسافر کوچز سے بڑے پیمانے پر غیر ملکی کپڑا جن میں مردانہ، زنانہ اور فینسی شامل ہے برآمد کرکے قبضے میں لے لی ۔ مذکورہ کپڑے کی قیمت لاکھوں روپے بتائی جارہی ہے ۔ دوسری جانب کلکٹرکسٹم پروینٹیوافتخار احمد کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل کلکٹر یاسر وہاب کلہواڑ،اسسٹنٹ کلکٹر رانا عمیرارشد ، سپرنٹنڈنٹ سید سلیم آغا،انچارج بلیلی کسٹم چیک پوسٹ انسپکٹر شہزادہ عامر ،انسپکٹر محمداصغر کاکڑ ، انسپکٹر محمد طفیل ،حوالدار جاویدخان ،صوبیدار دلاور خان خلجی اور دیگر نے پولیس کے ہمراہ مختلف کارروائیوں میں 6 عدد نان کسٹم پیڈ لگژری گاڑیاں قبضے میں لے لیں جن کی مالیت تقریباََ ایک کروڑ30لاکھ روپے بتائی جاتی ہے ۔ ایڈیشنل کلکٹر یاسر وہاب کلہوڑ نے کہاکہ ہم نے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کردیا ہے اور ہماری یہ کارروائیاں تواتر کے ساتھ جاری رہیں گی ۔ علاوہ ازیں چیف کلکٹر ڈاکٹر چودھری ذوالفقار علی اور کلکٹر پریوینٹو ڈاکٹر افتخار احمد نے اسٹاف کی کارروائی کو سراہا۔