دھرنا مولانا فضل الرحمن کا بڑا سیاسی بلنڈر ہوگا، اعجاز شاہ

108

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہاہے کہ دھرنا مولانا فضل الرحمن کا بہت بڑا سیاسی بلنڈر ہوگا اس میں مولانا فضل الرحمن کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکتے، پیپلزپارٹی مولانا فضل الرحمن کا دھرنے میں ساتھ نہیں دے رہی اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کی پی ٹی آئی کے ساتھ ڈیل ہوگئی ہے یہ تحریک اس لیے نہیں چل سکتی کہ کشمیر کے حالات خراب ہیں ، بھارت ہماری شہ رگ پر آکر بیٹھ گیا ہے۔ اگر مولانا فضل الرحمن دھرنا دیں گے بھی تو اس سے کچھ نہیں ہوگا۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لوگ جانتے ہیں مہنگائی کے ذمے دار موجودہ حکمران نہیں ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ وزارتوں میں اس طرح کی تبدیلیاں پہلے کبھی نہیں ہوئیں جو اب ہورہی ہیں ۔ اعجاز شاہ نے کہاکہ میں لوگوں سے ملتاہوں تو لوگ مہنگائی کی بات ضرور کرتے ہیں ہمیں تسلی ہے ہم صحیح سمت میں جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نیب میں قید سیاسی رہنما پیسے دے کر جاسکتے ہیں ۔