کشمیر کی آزادی بھارت کی بربادی کا عنوان بنے گی ،سراج الحق

601
گلگت: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
گلگت: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

گلگت( نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پوری قوم کو یک زبان اور یک جان ہو کر کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑنا ہو گی۔ کشمیر کی آزادی بھارت کی بربادی کا عنوان بنے گی۔ مودی کی فاشسٹ حکومت بھارت کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کا باعث بنے گی۔تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ حکومت پاکستان آزادی کی منزل کو حاصل کرنے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرے۔80لاکھ لوگ 60دن سے کرفیو کی زد میں زندگی اور موت کی کشمکش میں عالمی ضمیر کے لیے چیلنج ہیں۔آج گلگت میں کشمیر بچائو مارچ کے موقع پر اہل گلگت بلتستان سے مشاورت کریں گے۔کشمیر محض ایک تقریر سے نہیں بلکہ اس کی روشنی میں عملی اقدامات سے آزاد ہو گا۔گلگت بلتستان حساس خطہ ہے وفاقی حکومت یہاں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کرے ۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے گلگت میں مختلف مکاتب فکر کے علما کرام سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ڈاکٹر خالد محمود خان،امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان سابق وزیر قانون مشتاق ایڈووکیٹ سمیت دیگر قائدین موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اگر کشمیر کی آواز خاموش ہو گئی تو پاکستان کی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی۔گلگت بلتستان کے تمام مکاتب فکر کے علما کرام باہمی اختلافات کو ختم کر کے اللہ اور اس کے رسول ؐ کے لیے ایک ہو جائیں ۔کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنا ہم سب پر فرض ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہاں کے عوام نے جہاد کے ذریعے یہ خطہ آزاد کرایا تھا اسی طرح آزادکشمیر کے لوگوں نے بھی جہاد کے ذریعے آزادی حاصل کی، کشمیر کی آزادی کا واحد راستہ جہاد ہے ۔اقوام متحدہ کشمیریوں سے اپنا وعدہ پورا کرے، عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایک لاکھ یہودی ،عیسائی یا کسی اور مذہب کے لوگ 2 ماہ سے یرغمال ہوتے تو دنیا چیخ رہی ہوتی اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ عالمی برادری کا مسلمانوں کے بارے میں رویہ کیسا ہے اس لیے تمام مسلمانوں کو متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کرنا چاہیے ۔ہماری امت کا المیہ یہ ہے کہ حکمران مغرب کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں ،عوامی امنگوں کے ترجمان حکمرانوں کو مغرب ایک لمحے کے لیے بھی برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ طیب اردوان ، مہاتیر محمد سمیت دیگر قائدین کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں اسلامی تحریکوں کا راستہ اس لیے روکا جارہا ہے کہ وہ امت کو حقیقی قیادت فراہم کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کشمیرکی آزادی کے لیے عملی اقدامات کرے تا کہ 80لاکھ لوگوں کی زندگی کو بچایا اور کشمیر کو آزاد کرایا جا سکے ۔انہوں نے کہاکہ ہم زندگی کی آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک کشمیر کی آزادی کے لیے لڑیں گے۔ مودی کا مقدر شکست ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری در اصل تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں تحریک آزادی کشمیر تحریک پاکستان ہی کا تسلسل ہے ۔