مودی کی فاشسٹ حکومت ہندوستان کی تقسیم کا باعث بنے گی،سراج الحق

222

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مسلمانوں سے نفرت کرنے والی مودی کی فاشسٹ حکومت ہندوستان کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کا باعث بنے گی،تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔

گلگت میں میڈیا سے گفتگو اور تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے نشست کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اگر کشمیر کی آواز خاموش ہو گئی تو پاکستان کی سلامتی خطرے میں پڑھ جائے گی ،گلگت بلتستان کے تمام مکاتب فکر باہمی اختلافات کو ختم کر کے اللہ اور اللہ کے رسول ؐ کے لیے ایک ہو جائیں،کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنا ہم سب پر فرض ہے یہاں کے عوام نے جہاد کے ذریعے یہ خطہ آزاد کروایا اسی طرح آزادکشمیر کے لوگوں نے بھی جہاد کے ذریعے آزادی حاصل کی کشمیر کی آزادی کا واحد راستہ جہاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں سےکیا گیاوعدہ پورا کرے،عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکر یہ ہے ایک لاکھ یہودی،عیسائی یا کسی اور مذہب کے دو ماہ سے یرغمال ہوتے تو دنیا چیخ رہی ہوتی اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ عالمی برادری کی رویہ مسلمانوں کے ساتھ کیا ہے اس لیے تمام مسلمانوں کو متحدہ اور متفق ہو کر دشمن کا مقابلہ کرنا چاہیے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہماری امت کا المیہ یہ ہے کہ حکمران مغرب کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں،عوامی امنگوں کے ترجمان حکمرانوں کو مغرب ایک لمحے کے لیے بھی برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہے،طیب اردگان ،مہاتیر محمد سمیت دیگر قائدین کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریکوں کا راستہ اس لیے روکا جارہا ہے کہ وہ امت کو حقیقی قیادت فراہم کرنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کشمیرکی آزادی کے لیے عملی اقدامات کرے تا کہ 80لاکھ لوگوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکے اور کشمیر کو آزاد کروایا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ میں زندگی کے آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک کشمیر کی آزادی کے لیے لڑوں گا مودی کوشکست دیں گے مودی کا مقدر شکست ہے کشمیر کی آزادی ہندوستان کی بربادی کا عنوان بنے گا کشمیری در اصل تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں تحریک آزادی کشمیر تحریک پاکستان ہی کا تسلسل ہے۔

امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ ریاست کے دونوں آزاد خطوں کو باہم مربوط کر کے تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنایاجائے یہاں کے لوگوں نے بھی جہاد سے یہ خطہ آزاد کرایا ہے ،بقیہ کشمیر بھی جہاد سے آزاد ہوگا ۔