امن فاؤنڈیشن کے 1ہزار سے زائد ملازمین3ماہ سے تنخواہوں سے محروم

1165

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری)امن فاؤنڈیشن کے 1ہزاز سے زائدملازمین تین ماہ سے تنخواہ سے محروم ہیں،گزشتہ شب سے ملازمین نے امن فاؤنڈیشن کی ایمبولنس سروس معطل کر دی ہے،3شفتوں پر کام کرنے والے ایمر جنسی میڈیکل ٹیکنشن،اور نرسنگ اسٹاف نے ا پنا کام مکمل طور پر کام بند کردیا ہے،

امن فاؤنڈیشن کی ایمبو لنس سروس معطل ہونے کے باعث مریضوں کو اسپتال منتقل کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہیں، تنخواہوں سے محروم امن فاؤنڈ یشن کے ملازمین نے منگل کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا،مظاہرین نے امن فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی،مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اٹھا رکھے تھے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگارہے تھے،

ملازمین کا کہنا ہے کہ تنخواہ کی عدم ادئیگی کیخلاف آج بدھ کے روز کورنگی میں قائم امن فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا، ملازمین کی جانب سے متعدد بار شکایات کے باوجود امن فاؤنڈیشن کی انتطامیہ نے ملازمین کو تنخواہ کی ادئیگی تاحال نہیں کی ہے،ملازمین تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے گھریلو مالی پریشانیوں میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے،

مہنگائی کے اس دور میں ملازمین کے گھروں کا چولہا جلانا بھی ممکن نہیں رہا ہے، ملازمین قرض لیکر گز ر بسر کر نے پر مجبور ہیں،امن ورکز کے زیر اہتمام ملازمین کی تنخواہوں کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ تیسرا مہینہ ختم ہوگیاہے لیکن تاحال امن فاؤنڈیشن کی ایمبو لنس کے لئے کام کرنے والے1ہزار سے زائد ایمر جنسی میڈیکل ٹیکنشن اپنے تنخواہوں سے محروم ہیں،

انہوں نے کہا کہ اس شدید مہنگائی میں قرض لے کر اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پال رہے ہیں ملازمین کا کہناتھا کہ امن فاؤنڈیشن ایمبولنس سائیں سرکار کی شراکت داری کے بعدسے ایمبو لنس سروس ناکارہ ہو گئی ہیں،

امن ورکز کے سعیداللہ خان نے جسارت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں 3ماہ سے تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین معاشی تنگی کا شکار ہوکر ادھار کھانے پر مجبور ہیں،انہوں نے کہا کہ امن فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کی 3 ماہ کی تنخواہیں روکنے کی وجہ سے ملازمین فاقے کاٹنے اور بھیک مانگنے پر مجبور ہوگئے ہیں،

انہوں نے مزید کہا کہ دوکاندار اور ڈاکٹرز بھی انہیں مزید سودا سلف یا دارو دوا دینے سے انکاری ہوگئے ہیں جبکہ ان کے بچوں کا سلسلہ تعلیم بھی متاثر ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف آرام دہ کرسیوں اور ٹھنڈے ماحول میں بیٹھے افسران کو تو تنخواہیں بروقت ادا کی جارہی ہیں، تاہم مریضوں کو فوری طور پر اسپتال اور ایمرجنسی سروس فراہم کرنے والے غریب ملازمین کو 3ماہ سے تنخواہوں سے محروم رکھاہوا ہے،

انہوں نے صوبائی وزیر صحت اور دیگر متعلقہ اداروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ امن فاؤنڈیشن کے ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر جاری کرے بصورت دیگر امن فاؤنڈیشن کے ایک ہزار سے زائد ملازمین روزانہ کی بنیاد پر اپنے احتجاجی مظاہرے کا سلسلہ جاری ر کھیں گے۔