عمیر ثناء فاؤنڈیشن عملی طور پر سماجی خدمات کے میدان میں بہت آگے ہے، میٹروپولیٹن کمشنر

919

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں ایسے کئی ادارے موجود ہیں جو درحقیقت عملی طور پر سماجی خدمات کے میدان میں بہت آگے ہیں اور یہ چاہتے ہیں کہ اس ملک سے بیماریاں ختم ہوں،یہاں رہنے والے صحت مند ہوں، سماجی خدمات کے اداروں میں جن بچوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے ان میں ایک عمیر ثناء فاؤنڈیشن بھی ہے،

جس کے کام اور خدمات کو دیکھتے ہوئے بین الاقوامی معیار کے سابق کرکٹرز سمیت شہر کی اہم شخصیات کا فاؤنڈیشن میں آنا اور اس کے کاموں کو سراہنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ فاؤنڈیشن میں انتہائی دلجمعی اور توجہ کے ساتھ خون کے امراض میں مبتلا بچوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے،

تقریباً 10 سال قبل 2009 ء میں سری لنکا کی ٹیم کراچی کھیلنے آئی تھی اور آج ایک بار پھر سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کراچی میں موجود ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور یہاں کے عوام کی خواہش ہے کہ ان کے ملک بالخصوص کراچی شہر میں کرکٹ کی سرگرمیوں کو بہت زیادہ فروغ حاصل ہو کیونکہ کراچی ملک کا وہ شہر ہے جہاں ہونے والے اہم نوعیت کے چھوٹے اور بڑے ایونٹس کی باز گشت نہ صرف ملکی سطح بلکہ بین الاقوامی سطح تک بھی پہنچتی ہے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی دوپہر عمیر ثناء فاؤنڈیشن کے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں خصوصی طور پر ویسٹ انڈیز کے سابق مایاناز فاسٹ بولراور موجودہ بین الاقوامی شہرت یافتہ کرکٹ مبصرمائیکل ہولڈنگ (Michael Holding)، بیری اے ولکنسن (Barry A.Wilkinson) سمیت شہر کی اہم شخصیات نے شرکت کی،اور خون کے امراض میں مبتلا بچوں کو عمیر ثناء فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی علاج معالجہ کی مفت سہولیات پر فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر کاشف انصاری، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ثاقب انصاری، جوائنٹ سیکریٹری عبید ہاشمی سمیت ان کی ٹیم کے کاموں کو سراہا، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن اور دیگر مہمانانِ گرامی نے خون کے امراض میں مبتلا بچوں میں خون کی تبدیلی کے عمل کو دیکھا اور بچوں سے گفتگو بھی کی،

ویسٹ انڈیز کے سابق مایاناز فاسٹ بولرمائیکل ہولڈنگ نے عمیر ثناء فاؤنڈیشن کی سماجی خدمات کو سراہا انہوں نے کراچی آمد پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی آکر انہیں بہت اچھا لگا،کراچی سمیت پاکستان کے دیگر شہروں میں کرکٹ کو فروغ ملنا چاہئے، کراچی کے عوام کرکٹ میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں، مائیکل ہولڈنگ نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ بچوں میں پھول اور تحائف بھی پیش کئے،

ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ فاؤنڈیشن میں زیر علاج بچوں کی آنکھوں میں چمک اور آگے بڑھنے کا عزم نمایاں ہے، اللہ تعالیٰ نے ان بچوں کی زندگی رکھی ہے تو یہ آگے چل کر مختلف شعبہ جات میں اس ملک کا نام ضرور روشن کریں گے،

انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیاکوئی ایسا مرض نہیں کہ جس سے محفوظ نہ رہا جاسکے اس لئے یہ بہت ضروری ہے کہ اس مرض کے خلاف ہم جو بھی جدوجہد کریں اس کا عنوان ہی یہ رکھ لیں کہ”ہماری جدوجہد کا عنوان، تھیلیسیمیاسے محفوظ پاکستان“،

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ شادی کے بندھن میں بندھنے سے قبل مرد و خاتون اپنے ٹیسٹ ضرور کرالیں تاکہ آنے والی نسل صحت مند ہو،