بد عنوانی کی شکایات ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات کا کراچی سے لاڑکانہ تبادلہ

328

کرا چی(نمائندہ جسارت)سیکرٹری ماحولیات سندھ برائے موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی خان محمد مہر نے بدعنوانی کی شکایات ملنے پر ادارہ تحفظ ماحولیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل منیر عباسی کا کراچی سے لاڑکانہ تبادلہ کردیا جبکہ ادارے کی لیبارٹری کے کیمسٹ کامران خان کی کارکردگی کی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔ای پی اے سندھ کے ذرائع کے مطابق بن قاسم اور کورنگی انڈسٹریل ایریا کے صنعتکاروں کی تنظیموں
نے سیکرٹری ماحولیات سے شکایت کی تھی کہ مذکورہ دونوں افسران ماحولیاتی نگرانی کے نام پر صنعتوں پر دبائو ڈالتے ہیں کہ وہ اپنا ماحولیاتی منیجمنٹ پلان ان کے پسندیدہ ماحولیاتی کنسلٹنٹس سے بنوائیں۔تاہم صنعتکاروں کی شکایات موصول ہونے پر سیکرٹری ماحولیات خان محمد مہر نے ایک افسر کا تبادلہ لاڑکانہ کردیا جبکہ دوسرے افسر کی کارکردگی کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے ، سندھ کے قانون برائے تحفظ ماحول 2014 کے تحت ہر فیکٹری جس کے پیداواری عمل سے آبی یا ٹھوس مواد اور گیس نکلتی ہوں ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنا ماحولیاتی منیجمنٹ پلان ای پی اے سندھ سے منظور کرائیں جس میں یہ یقین دہانی کرائی گئی ہو کہ ان کے پیداواری عمل کے دوران گیسوں اور آبی و ٹھوس مواد کا اخراج سندھ کے قانون برائے تحفظ ماحول کی مقررہ حدود سے تجاوز نہیں کرتا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات