مریم اورنگزیب کی نوازشریف کے مقدمات میں وکیل کی تبدیلی سے متعلق تردید

104

اسلام آباد( آن لائن )ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم نوازشریف سے متعلق مقدمات میں وکیل اور قانونی حکمت عملی کی تبدیلی کی خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی قائدین سے متعلق مقدمات اور پارٹی پالیسی سے متعلق کوئی خبر ترجمان کی تصدیق کے بغیرشائع کرنا افسوسناک ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔انہوںنے کہاکہ قانونی ٹیم کے کسی گمنام رکن کے نام سے منسوب قیاس آرائی مقدمے میں درخواست گزار کے قانونی حق کو شدید
متاثر کرتی ہے ۔خبر میں کہی گئی یہ بات بھی خلاف حقیقت ہے کہ سماعت گرمیوں کی تعطیلات کے بعد کرنے کے لیے کہاگیا ۔انہوںنے کہاکہ عدالتی اوقات اور میسر وقت کو دیکھتے ہوئے دلائل کے لیے 3 ماہ کا وقت مانگا گیا۔انہوںنے کہاکہ بغیر تصدیق اور محض قیاس آرائیوں پر مبنی خبروں سے مقدمات اور فریقین کے درمیان غلط فہمیاں جنم لے سکتی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ نوازشریف کے کیس اور وکیل سے متعلق خبر بے بنیاد، جھوٹ اور مفروضوں پر مبنی ہے، جس کی میںتردید کرتی ہوں۔میڈیا ہائوسز سے گزارش ہے کہ پارٹی فیصلے کے مطابق پارٹی پالیسی یا مقدمات سے متعلق خبر بلا تصدیق جاری نہ کی جائے ۔